اردو
Saturday 23rd of November 2024
0
نفر 0

حضرت علی علیہ السلام کی صحابہ پر افضلیت

امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی افضلیت کے دلائل صرف رسول خدا حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ و وسلم کی احادیث میں منحصر نہیں ہیں، بلکہ قرآن کریم کی بہت ساری آیات بھی اس بات پر دلالت کرتی ہیں جن کے
حضرت علی علیہ السلام کی صحابہ پر افضلیت

امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی افضلیت کے دلائل صرف رسول خدا حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ و وسلم کی احادیث میں منحصر نہیں ہیں، بلکہ قرآن کریم کی بہت ساری آیات بھی اس بات پر دلالت کرتی ہیں جن کے ساتھ رسول اسلام (ص) کی احادیث ضمیمہ کرنے سے آپ کی افضلیت کو بخوبی ثابت کیا جا سکتا ہے۔
رسول خدا(ص) سے منقولہ احادیث پر غور کرنے سے یہ حقیقت بالکل واضح ہو جاتی ہے کہ حضرت علی علیہ السلام تمام اصحاب رسول پر برتری رکھتے تھے لیکن یہ برتری صرف مقائسہ اور موازنہ کی منزل میں نہیں بلکہ اس کا دائرہ اس سے کہیں زیادہ وسیع ہے۔
در حقیقت، ان روایات کے مضامین و مطالب سے یہ پتا چلتا ہے کہ حضرت علی علیہ السلام اپنے ذاتی کمالات کی بنا پر اکیلے وہ انسان ہیں جو بعد پیغمبر منصب خلافت و امامت کے حقدار ہیں۔
امیر المومنین علی علیہ السلام کو اگر ان معیاروں اور اصولوں کی بنا پر دیکھا جائے جو مکتب خلفا نے اس عنوان سے کہ حضرت علی بھی دیگر اصحاب کی طرح ایک صحابی ہیں معین کئے ہیں تب بھی آپ علم و دانش اور دیگر تمام انفرادی و اجتماعی صفات کے مالک ہونے بنا پر دوسرے تمام صحابہ پر افضلیت رکھتے ہیں۔ اس مقالہ میں امیر المومنین علی علیہ السلام کے دیگر اصحاب پر افضلیت کے چند موارد پیش کئے جاتے ہیں۔
پہلا حصہ
حضرت علی (ع) کی شخصیت کی تجلیاں
امام علی علیہ السلام کے الہی صفات و کمالات ہمارے لیے ایک کامل انسان اور الہی اسوہ ہونے کے عنوان سے نمونہ عمل ہیں۔ آپ کی شخصیت کی حقیقت تک پہنچنا، آپ کی بعض علمی اور اخلاقی تجلیوں کے ذریعے ممکن نہیں لیکن اگر آپ کی بعض تجلیوں اور صفتوں کو ہی پہچان لیا جائے تب بھی ان سے آپ کی دوسروں پر برتری کو ثابت کیا جا سکتا ہے۔ وہ بھی نہ صرف کسی ایک مورد اور خاص مقام پر بلکہ تمام موارد اور مراحل میں آپ تمام اصحاب رسول پر افضل نظر آئیں گے۔ یہاں پر ہم آپ کی شخصیت کی بعض تجلیوں کی طرف اشارہ کرتے ہیں:
۱: امام علی علیہ السلام کی شخصیت کی علمی تجلی
یہ بات تاریخ کے مسلمات میں سے ہے کہ حضرت علی علیہ السلام تمام اصحاب سے اعلم تھے اور علم کے اس درجہ کمال پر فائز تھے کہ پیغمبر اکرم (ص) نے آپ کے بارے میں فرمایا:
’’میں شہر علم ہوں اور علی اس کے دروازہ ہیں‘‘ ( المستدرک علی صحیحین، ج۳، ص۱۲۶، سنن ترمذی، ج۵، ص۵۳۷)
پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے یہ بات کسی بھی صحابی کے لیے نہیں فرمائی۔ رسول خدا(ص) کی یہ حدیث، امیر المومنین علی(ع) کے اس بیان کے ذریعے مزید مستحکم اور مستدل ہو جاتی ہے جو آپ نے فرمایا:
’’ رسول خدا(ص) نے مجھے علم کے ہزار باب سکھائے کہ جس کے بعد ہر ایک باب سے ہزار باب مجھ پر کھل گئے‘‘۔ (کنزالعمال، ج۱۳، ۱۱۴)
امام علی علیہ السلام علم لدنی کے واسطے دوسروں پر فوقیت رکھتے تھے آپ نے اس بارے میں فرمایا:
’’اگر غیب کے پردے میری آنکھوں سے ہٹ جائیں تو میرے یقین میں اضافہ نہیں ہو گا‘‘۔ ( مناقب ابن شہر آشوب،ج۲ ص۳۸؛ ارشاد القلوب، ج۲ ص۱۴؛ بحار الانوار، ج۴۰ ص۱۵۳)
آپ کے واضح بیان کے مطابق، جو علم آپ کے پاس ہے اس کا کوئی کنارہ نہیں ہے اور اصحاب میں سے کوئی ایک بھی اس علم کے بوجھ کو اٹھانے کی صلاحیت نہیں رکھتا:
’’ آپ نے اپنے سینے کی طرف اشارہ کر کے فرمایا؛ بے شک یہاں علم کا ٹھاٹھے مارتا سمندر موجود ہے۔ کاش کوئی ہوتا جسے سیراب کیا جاتا‘‘۔ (نہج البلاغہ، کلمات قصار، ۱۴۷)۔
یہ بیان صراحتا اس بات پر دلالت کرتا ہے کہ امام علی علیہ السلام علم کے اس درجے پر فائز تھے کہ رسول خدا(ص) کے علاوہ کوئی اس تک پہنچنے کی صلاحیت نہیں رکھتا، اسی وجہ سے حضرت علی (ع) نے فرمایا:
’’ میرے سینے کی تہوں میں ایک ایسا پوشیدہ علم ہے جو مجھے مجبور کئے ہوئے ہے ورنہ اسے ظاہر کردوں تو تم اسی طرح لرزنے لگو گے جس طرح گہرے کنویں میں رسی تھرتھراتی اور لرزتی ہے‘‘ (نہج البلاغہ، خطبہ ۵)
ابی طفیل کہتے ہیں:
’’ میں نے علی(ع) کو دیکھا کہ وہ کہہ رہے تھے: مجھ سے پوچھ لو، خدا کی قسم مجھ سے کسی چیز کے بارے میں سوال نہیں کروں گے مگر میں تمہیں اس کا جواب دوں گا۔ اللہ کی کتاب کے بارے میں مجھ سے پوچھو۔ خدا کی قسم کتاب خدا میں کوئی ایسی آیت نہیں پائی جاتی مگر یہ کہ میں اس سے آگاہ ہوں کہ وہ رات یا دن یا صحرا یا پہاڑ پر نازل ہوئی‘‘۔ (فتح الباری، ج۸ ص ۴۵۹؛ العمال ج۱۳، ص۱۸۵)
لیکن دوسرے صحابہ کی یہ منزل نہیں ہے۔ خلفیہ اول کا کہنا ہے:
’’ ۔۔۔ کیا کروں! اگر میں اللہ کی کتاب کے بارے میں کوئی بات کر دوں شاید خدا نے اس کا ارادہ نہ کیا ہو‘‘۔ ( الریاض النضرہ، ج۳ ص۱۶۶؛  مستدرک حاکم، ج۳ص ۱۲۴، اسد الغابہ، ج۴ص۲۲)
سعید بن مسیب کہتے ہیں:
’’ اصحاب پیغمبر میں سے کسی نے بھی یہ دعویٰ نہیں کیا کہ جو کچھ مجھ سے پوچھنا چاہو پوچھ لو سوائے علی (ع) کے‘‘۔ ( الریاض النضرہ، ج۳ ص۱۶۶؛ ینابیع المودۃ ص۲۸۶؛ ذخائر العقبیٰ، ص۸۳)
پیغمبر اکرم (ص) نے بارہا دیگر اصحاب پر حضرت علی (ع) کی افضلیت اور علمی برتری کی گواہی دی ہے جن میں سے بعض موارد کی طرف ذیل میں اشارہ کرتے ہیں:
الف۔ پیغمبر اکرم (ص) نے حضرت فاطمہ زہرا (س) سے فرمایا:
’’ میں نے تمہیں اس شخص کے عقد میں دیا ہے جو میری امت میں سب سے افضل ہے۔ جو سب سے اعلم ہے۔ جو سب سے زیادہ بردبار ہے وہ پہلا وہ شخص ہے جس نے اسلام قبول کیا ہے‘‘۔ (مسند احمد، ج۵ ص۲۶)
ب۔ ’’میرے بعد میری امت میں سب سے اعلم علی ابن ابی طالب ہیں‘‘۔ (مناقب خوارزمی، ص۴۹، تحقیق محمودی، کنزل العمال، ج۱۱ص ۶۱۴، ح ۳۲۹۷۷)
ج۔ ’’علی، میرے علم کے وارث اور میرا وصی ہیں اور وہ مجھ تک پہنچنے کا راستہ ہیں‘‘۔ ( کفایۃ الطالب: ص ۹۷ و ۷۰، شمس الاخبار: ص۲۹)
د۔ ’’علی میرے علم کا دروازہ اور جس رسالت کو میں لے کر آیا ہوں اس کو بیان کرنے والے ہیں‘‘۔ (کنزل العمال: ج۶ ص ۱۵۶۔ کشف الخفاء: ج۱ ص ۲۰۴)
ھ۔ میری سنت کی نسبت میری امت میں سب سے زیادہ عالم اور میرے بعد (حق بجانب) فیصلہ کرنے والے علی بن ابی طالب ہیں‘‘۔ (الریاض النضرہ: ج۲، ص ۱۹۴؛ مناقب خوارزمی: ص۴۸؛ تذکرۃ الخواص: ص۸۷؛ فیض القدیر: ج۴ ص۲۵۷؛ تفسیر نیشابوری، سورہ احقاف)۔
۲۔ امام علی علیہ السلام کی شخصیت کے ایمانی پہلو کی تجلی
حضرت علی علیہ السلام نے اپنی زندگی کے پل پل میں ایمانی اور معنوی تجلیوں کو آشکار کیا ہے اور آئندہ نسلوں کے لیے ایک ایسا کردار پیش کیا ہے جس پر کوئی بھی سبقت حاصل نہیں کر سکتا۔
امیر المومنین علی علیہ السلام کا قوی ایمان صرف انہیں کی ذات والا صفات میں منحصر ہے جو مختلف صورتوں میں نمایاں ہوا ہے۔ یہ آپ کے ایمان ہی کا کرشمہ تھا جس کی بنا پر آپ عبادت کی دنیا میں بلند ترین منزل پر فائز تھے؛
قرآن کریم کی اس آیہ مبارکہ ’’ ۔۔۔تراھم رکعا سجدا۔۔۔‘‘ (فتح، ۲۹) (تم انہیں رکوع و سجود کی حالت میں دیکھتے ہو) کی تفسیر میں وارد ہوا ہے کہ یہ آیت حضرت علی علیہ السلام کے بارے میں نازل ہوئی ہے۔ ( شواھد التنزیل: ج۲ ص۱۸۳؛ تفسیر الکاشف: ج۳ص ۴۶۹؛ روح المعانی: ج۱۶ ص۱۱۷)
امام علیہ السلام اس بارے میں فرماتے ہیں:
’’ میں نے سات سال دوسروں سے پہلے رسول خدا (ص) کے ساتھ نماز پڑھی اور میں سب سے پہلا وہ شخص ہوں جس نے رسول خدا کے ساتھ نماز جماعت پڑھی‘‘( تذکرۃ الخواص: ص۶۳)
نیز فرمایا:
’’ میں اس امت میں سے کسی کو نہیں جانتا جو پیغمبر اکرم کے بعد میری طرح اللہ کا عبادت گزار بندہ رہا ہو‘‘ ( خصائص امیر المومنین، نسائی: ص۴۶)
دوسری جگہ فرماتے ہیں:
’’ میں نے دوسروں سے پہلے اسلام قبول کیا اور اس سے پہلے کہ دوسرے نماز پڑھیں میں نے نماز پڑھی‘‘۔ (شرح نہج البلاغہ، ج۱ص۱۰)
امام علی علیہ السلام سب سے زیادہ عابد تھے اور نماز اور روزے میں کوئی ان پر سبقت نہیں لے سکتا تھا۔ لوگ نماز شب اور دیگر مستحبی نمازوں کو بجا لانے میں آپ کی تاٗسّی کرتے تھے۔
ابن ابی الحدید لکھتے ہیں:
’’ آپ اللہ سے راز و نیاز کرنے کے اتنا پابند تھے کہ لیلۃ الہریر میں، جب دو لشکروں کے درمیان جنگ چھڑی ہوئی تھی چمڑے کی ایک کھال زمین پر بچھا کر نماز میں مشغول ہو گئے اس حال میں کہ آپ کے دائیں و بائیں طرف سے تیروں کی برسات ہو رہی تھی لیکن کسی طرح کا اضطراب آپ پر طاری نہیں ہوا اور نماز میں مشغول رہے یہاں تک کہ نماز مکمل ہوئی۔ یقینا ایسے انسان کے بارے میں آپ کیا سوچتے ہیں؟ آپ ایسے شخص کے بارے میں کیا تصور رکھتے ہیں جس کی پیشانی پر سجدوں کے نشان بنے ہوئے ہوں؟‘‘( شرح نہج البلاغہ، ابن ابی الحدید، ج۱ص ۲۷)
انہوں نے مزید لکھا:
’’ علی بن حسین(ع) جو عبادت میں  آخری منزل پر فائز تھے پوچھا گیا کہ آپ کی عبادت آپ کے جد کی نسبت کتنی ہے؟
تو انہوں نے فرمایا: میری عبادت میرے جد علی کی نسبت ایسے ہے جیسے ان کی عبادت رسول خدا کی عبادت کی نسبت تھی‘‘۔ ( شرح نہج البلاغہ، ابن ابی الحدید، ج۱، ص۹)
یہ آپ کے ایمان کا اثر تھا کہ آپ الہی اخلاق و اقدار کی چوٹی پر فائز تھے۔ آپ وہی سچوں کے سردار ہیں جنہیں قرآن نے صدّیق کے عنوان سے بیان کیا ہے:
’’والذین آمنو باللہ و رسلہ اولئک ھم الصدیقون ۔۔۔‘‘ (حدید، ۱۹)
وہ لوگ جو اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لائے وہی صدّیقین ہیں۔
یہ آیت احمد بن حنبل کی روایت کے مطابق، حضرت علی علیہ السلام کے بارے میں نازل ہوئی ہے۔( الفضائل من فضائل علی، ح ۳۳۹ و ۱۵۴، الریاض النضرہ، ج۲ ص۱۵۳، کنزل العمال، ج۶ ص۱۵۲، فیض القدیر، ج۴ ص ۱۳۷، الدر المنثور، ج۵ ص ۲۶۲)
قرآن کریم میں بہت ساری ایسی آیتیں ہیں جو اس بات کی گواہی دیتی ہیں کہ امام علی علیہ السلام ’’ایمان‘‘ کے حقیقی مصداق ہیں۔
خداوند عالم کا ارشاد ہے:
’’آجعلتم سقایۃ الحاج و عمارۃ المسجد الحرام کمن آمن باللہ و الیوم الاخر و جاھد فی سبیل اللہ لا یستون عند اللہ واللہ لا یھدی القوم الظالمین‘‘ ( توبہ ۱۹)
کیا تم نے حاجیوں کو سیراب کرنے اور مسجد الحرام کو آباد کرنے کا عمل اس شخص کے عمل کی طرح قرار دیا ہے جو اللہ اور روز قیامت پر ایمان رکھتا ہے اور راہ خدا میں جہاد کرتا ہے؟ یہ دونوں خدا کے نزدیک برابر نہیں ہیں خدا ظالموں کی ہدایت نہیں کرتا۔
یہ آیت اور اس کے بعد والی آیتیں، امام علی علیہ السلام کے بارے میں نازل ہوئی ہیں۔ اور یہ اس وقت نازل ہوئیں جب طلحہ بن شیبہ اور عباس ایک دوسرے پر فخر فروشی کر رہے تھے، طلحہ نے کہا:
’’ میں خانہ خدا سے زیادہ قریب ہوں اس لیے اس کی کنجیاں میرے پاس ہیں‘‘
عباس نے جواب میں کہا:
’’میں زیادہ قریب ہوں اس لیے کہ میں حاجیوں کو پانی پلاتا ہوں‘‘
اس درمیان حضرت علی علیہ السلام نے فرمایا:
’’ میں وہ ہوں جو سب سے پہلے خدا پر ایمان لایا اور سب سے زیادہ جہاد کیا‘‘۔
اس کے بعد خداوند عالم نے علی علیہ السلام کے بیان کی تائید کرتے ہوئے ان کی افضلیت کے بارے میں یہ آیت نازل کی۔ ( الدر المنثور، ج۳، ص۳۱۹ و ۳۱۸؛ تفسیر ابن کثیر: ج۲ ص۲۴۱: تفسیر طبری ج۱۰، ص۶۸؛ تفسیر کبیر ج۱۶ ص۱۰؛ جامع الاصول: ج۹ ص۴۷۷)
دوسری جگہ ارشاد ہے:
افمن کان مومنا کمن کان فاسقا لا یستوون(سجدہ۱۸)
کیا وہ شخص جو مومن ہے اس شخص کے جیسا ہے جو فاسق ہے؟ ہر گز یہ دونوں برابر نہیں ہو سکتے۔
یہاں پر مومن سے مراد حضرت علی اور فاسق سے مراد ولید ہے۔ ( تفسیر طبری: ج۲۱، ص۶۸؛ تفسیر ابن کثیر: ج۳ ص۴۶۲؛ فتح القدیر: ج۴ ص۲۴۷؛ اسباب النزول ۲۶۳؛ ذخائر العقبیٰ: ص۸۸: شواھد التنزیل: ج۱ ص۴۴۴؛ انساب الاشرف بلاذری: ص۱ ص۱۶۲، تاریخ دمشق: ص۶۱ ص ۱۹۹)
دوسری آیت میں ارشاد ہے:
’’۔۔۔ و اولو الارحام بعضھم اولی ببعض فی کتاب اللہ من المومنین المھاجرین۔۔۔‘‘ (احزاب،۶)
اور کتاب اللہ کی رو سے رشتے دار آپس میں مومنین اور مہاجرین سے زیادہ حقدار ہیں۔
مفسرین کا اتفاق ہے کہ یہاں پر مومن، مہاجر اور ارحام سے مراد حضرت علی ہیں۔ ( احقاق الحق، ج۳ ص۴۱۹)
پیغمبر اکرم نے بارہا اس بات کا تذکرہ فرمایا کہ حضرت علی شریعت اسلام اور تعلیمات الہیہ کے سامنے خاضع تھے۔
امیر المومنین اپنے ٹھوس ایمان اور خدا کے ساتھ گہرے رابطے کی بنا پر تمام مشکلات اور سختیوں کو حل کرنے کی توانائی رکھتے تھے۔
جناب ابوذر غفاری سے روایت ہے کہ:
’’ رسول خدا (ص) کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا: اصحاب میں سے کون آپ کے نزدیک سب سے زیادہ محبوب ہے تاکہ اگر کبھی کوئی مسئلہ پیش آئے تو اس کی طرف رجوع کروں اور اگر کسی مشکل میں گرفتار ہو جاوں تو اس کے پاس جاوں؟
پیغمبر اکرم نے فرمایا: ’’علی تم سب سے زیادہ اسلام اور تسلیم ہونے میں پیش قدم ہیں‘‘ (مناقب مرتضوی ترمذی: ص۹۵ کنزل العمال، ج۶ ص۳۹۵)


source : abna
0
0% (نفر 0)
 
نظر شما در مورد این مطلب ؟
 
امتیاز شما به این مطلب ؟
اشتراک گذاری در شبکه های اجتماعی:

latest article

ولایت علی ع قرآن کریم میں
موعود قرآن كی حكومت اور عالمی یكجہتی كا دور
عظمت صديقہ طاہرہ زينب کبريٰ
دعائے استقبال ماہ رمضان
تلاوت قرآن کی شرائط
توبہ'' واجب ِفور ی''ہے
حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا
شرک اور اس کی اقسام
فرامین مولا علی۳۷۶ تا ۴۸۰(نھج البلاغہ میں)
اھداف عزاداری امام حسین علیه السلام

 
user comment