جس طرح سے انسانوں کو مسلمان اور خدا پرست کیا جاسکتا ہے اسی طرح کبھی کبھی کتابوں کو بھی مسلمان اور خدا پرست کرنا چاہئے ، یعنی کبھی دوسرے ممالک میں کوئی اچھی کتاب لکھی جاتی ہے لیکن ایسا بھی ہوتا ہے اس کے مطالب میں انحرف، الحاد، ضد اخلاق اور ضد اسلام چیزوں کی آمیزش ہوتی ہے لہذا ضروری ہے کہ اس کتاب کو منفی پہلوؤں سے پاک کیا جائے تاکہ ایک مومن،مفید اور خدا پرست کتاب حاصل ہوسکے ۔
اس کا نمونہ امریکہ کے مولف ”دیل کارنگی“کی کتاب ہے ، یہ کتاب فکری مشکلات اور روحی بحران میں مبتلا لوگوں کے لئے بہت مفید ، راہ گشا، تسکین دہندہ اور شفا بخش ہے ۔
لیکن افسوس کہ اس کتاب میں کچھ جگہوں پر انحرافی پہلو دکھائی دیتے تھے اور وہ امریکی تہذیب و ثقافت کے مطابق لکھی گئی تھیں جس کا ہمارے اسلامی ماحول میں اچھا رد عمل نہیں تھا ۔ میں نے یہ کتاب اپنے ایک دوست کو دی اوراسے کتاب کو مہذب کرنے کا راستہ بتایا تاکہ وہ اس کتاب کو ان تمام منفی نکات سے پاک کردے اوراس کے مثبت تمام نکات کو اپنی جگہ باقی رہنے دے،اس کے بعد میں نے اس کتاب پر ایک بہت بڑا مقدمہ لکھا اور یہ کتاب ”راہ غلبہ بر نگرانی ھا و ناامیدی ھا“ کے نام سے منتشر ہوئی اور خدا کا شکر کہ یہ کتاب بہت زیادہ موثر ثابت ہوئی اور اس کتاب کے ذریعہ بہت سے لوگوں نے فکری اور روحی بحران سے نجات حاصل کی اور جو افراد بھی ناامیدی یا روحی بحران میںگرفتار ہیں میں ان کواس کتاب کا مطالعہ کرنے کی نصیحت کرتا ہوں ۔
عقاید کے سلسلہ میں دوسرا کام جو میں نے انجام دیا وہ مرحوم آیة اللہ العظمی کاشف الغطاء کی مشہور کتاب ”اصل الشیعہ و اصولھا“ کا ترجمہ ہے ،میں نے اس کتاب کا صرف ترجمہ ہی نہیں کیا بلکہ اس پر قابل ملاحظہ حاشیہ بھی لگایا ہے ۔
عقاید و کلام کے متعلق میری آخری کتاب ”اعتقاد ما“ ہے جس کو میں نے علماء اور فضلاء کی ایک جماعت کی مدد سے لکھا ہے ۔اس کتاب کو لکھنے کی وجہ یہ تھی کہ عمرہ سے مشرف ہونے کے لئے بیت اللہ الحرام گیا تو میں نے دیکھا کہ وہاں پر بہت سے وہابی اور منحرف فرقے شیعوں کے خلاف زہر اگل رہے اور ناروا تہمتیں لگارہے ہیں،ایسی بری تہمتیں جن سے شیعہ علماء کی روح بھی باخبر نہیں ہے ، لہذا میں نے ارادہ کیا کہ عقاید شیعہ کو دقیق اور ظریف انداز میںایسے مختصر دلائل کے ساتھ لکھا جائے کہ جنہیں سب قبول رکھتے ہوں ۔یہ کتاب اب تک تقریبا دس سے زیادہ زبانوں میں چھپ کر منتشر ہوچکی ہے ۔
source : http://urdu.makarem.ir