یہ وہ مہینہ ہے جس میں تم کو خدا نے اپنی مہمانی کی طرف دعوت دی ہے اور تمہیں صاحب کرامت قرار دیا ہے۔ اس مہینہ میں تمہاری ہر سانس تسبیح کا ثواب رکھتی ہے۔ تمہارا سونا عبادت ہے۔ تمہارے اعمال اس مہینہ میں قبول ہوتے ہیں۔ تمہاری دعائیں مستجاب ہوتی ہیں۔ پس تم صدق دل سے صاف اور خالص نیت کے ساتھ گناہوں سے دوری اختیار کرتے ہوئے خدا سے دعا کرو کہ وہ اس مہینے میں روزہ رکھنے اور تلاوت قرآن پاک کرنے کی تم کو توفیق عنایت فرمائے۔ وہ شخص بدبخت اور شقی ہے جو اس عظیم مہینہ میں اللہ کی بخشش سے محروم رہے۔ اس مہینہ کی بھوک اور پیاس سے قیامت کی بھوک اور پیاس کو یاد کرو۔ اپنے عزیز فقراء و محتاجوں کو صدقہ دو، اپنے بزرگوں کا احترام کرو، اپنے بچوں سے نوازش و مہربانی کے ساتھ پیش آؤ، اپنے خاندان والوں کے ساتھ صلہ رحم کرو، اپنی زبانوں کو محفوظ رکھو (برے الفاظ غیبت وغیرہ سے) اپنی نگاہوں کو محفوظ رکھو ان چیزوں سے جن کا دیکھنا تمھارے لئے حلال نہیں ہے۔ یتیموں کے ساتھ مہربانی کرو تاکہ تمھارے بعد لوگ تمھارے یتیموں پر رحم کریں۔ اپنے گناہوں سے توبہ کرو اور نمازوں کے وقت خداوند عالم کی بارگاہ میں دعا کے لئے اپنے ہاتھوں کو بلند کرو کیونکہ یہ دعا کی قبولیت کا بہترین وقت ہے۔ خداوند عالم نماز کے وقت اپنے بندوں کی طرف رحمت کی نگاہ کرتا ہے اور مناجات کرنے والوں کا جواب دیتا۔ اے لوگو! تمھاری زندگی میں گرہیں پڑی ہوئی ہیں، تم اللہ سے طلب مغفرت کرکے اپنی زندگی کی گرہیں کھولنے کی کوشش کرو۔ تمھاری پشت گناہوں کی سنگینی کی وجہ سے خمیدہ ہوچکی ہے، لہٰذا طولانی سجدہ کے ذریعہ اپنی پشت کے وزن کو ہلکا کرو۔ خداوند عالم اپنی عزت و جلال کی قسم کھا کر کہتا ہے کہ میں اس مہینہ میں نماز گزاروں اور سجدہ کرنے والوں پر عذاب نہیں کروں گا اور قیامت میں انھیں جہنم کی آگ سے نہیں ڈراؤں گا۔
source : abna