آخرى بات يہ ہے كہ اللہ تعالى كے نزديك يہ گناہ كبيرہ ہے كہ كسى پر ايسى بات يا ايسے كام كى تہمت لگائي جائے جو اس نے نہ كہى ہو يا اُسے انجام نہ ديا ہو ۔
ہم نے ہر مقام پر كہا ہے اور اب بھى كہتے ہيں كہ مذہب شيعہ كے علماء و محققين ميں سے كوئي بھى (خود انكى اپنى كتابوں كى گواہى كے مطابق) تحريف كا قائل نہيں تھا اور نہ ہے ۔ليكن پھر بھى بعض تعصب اور ہٹ دھرم قسم كے لوگ اس تہمت پر اصرار كرتے ہيں ۔ پتہ نہيں قيامت والے دن وہ كيا جواب ديں گے كيونكہ ايك طرف تو تہمت لگا رہے ہيں اور دوسرى طر ف قرآن مجيد كى اہميت كو كم كر رہے ہيں ۔
اگر آپ كا بہانہ وہ بعض ضعيف روايات ہيں جو ہمارى كتابوں ميں نقل ہوئي ہيں تو اس قسم كى ضعيف روايات آپ كى حديث و تفسير كى كتابوں ميں بھى موجود ہيں۔ جنكى طرف پہلے اشارہ كيا جا چكا ہے۔
كوئي بھى مذہب ضعيف روايات كى بنا پر استوارنہيں ہوتا ہے ۔
اور ہم نے كبھى بھى ابن الخطيب مصرى كى كتاب (الفرقان فى تحريف القرآن ) كى خاطر يا آپ كى ان ضعيف روايات كى خاطر جو تحريف قرآن پر مشتمل ہيں آپ پر تحريف قرآن كى تہمت نہيں لگائي ۔ اور ہم كبھى بھى قرآن مجيد كو تخريب كارى كرنے والے تعصّب كا شكار نہيں ہونے ديں گئے۔
دن رات تحريف قرآن كى باتيں نہ كيجئے ۔ اسلام، مسلمين اور قرآن مجيد پر ظلم نہ كيجئے اور اپنے مذہبى تعصب كى وجہ سے بار بار تحريف قرآن كى رٹ لگا كر پورى دنيا كے مسلمانوں كے اصلى سرمائے يعنى قرآن مجيد كے اعتبار كو كم نہ كيجئے ۔دشمن كو بہانہ فراہم نہ كيجئے ۔تم اگر اس طريقے سے شيعوں اور اہل بيت (ع) كے پيروكاروں سے انتقام لينا چاہتے ہو تو جان لوتم جہالت اور نادانى سے اسلام كى بنيادوں كو كھو كھلا كر رہے ہو۔كيونكہ تم كہتے ہو كہ مسلمانوں كا ايك عظيم گروہ تحريف قرآن كا قائل ہے اور يہ قرآن مجيد پر ظلم عظيم ہے ۔
آخر ميں پھر ايك دفعہ صراحت كے ساتھ كہتے ہيں كہ شيعہ اور اہل سنت كا كوئي محقق بھى تحريف قرآن كا قائل نہيں ہے بلكہ سب علما ء اس قرآن مجيد كو جو پيغمبر (ص) اكرم پر نازل ہوا اور جو آج مسلمانوں كے ہاتھوں ميں ہے ايك ہى سمجھتے ہيں ۔ اور خود قرآن مجيد كى تصريح كے مطابق عقيدہ ركھتے ہيں كہ اللہ تعالى نے قرآن مجيد كى حفاظت كا ذمہ اُٹھايا ہے اور ہر قسم كى تحريف ،تبديلى اور زوال سے اسے محفوظ ركھنے كى ضمانت دى ہے ۔
ليكن دونوں طرف سے بعض بے خبر، نا آگاہ متعصب قسم كے لوگ ،ايك دوسرے كى طرف تحريف كى نسبت ديتے ہيں اور اس مسئلے كو اختلاف كے عروج تك پہنچا ديتے ہيں اللہ تعالى ان سب كو ہدايت فرمائے ۔
source : tebyan