
شہید ڈاکٹری علی نقوی پاکستان میں ولایت فقیہ کا ساتھ دینے والے ابتدائی لوگوں میں سے تھے

شیعہ علما کونسل پنجاب اور اسلامی تحریک کے صوبائی صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری نے لاہور میں شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی یاد میں منعقدہ نشست سے خطاب میں کہا ہے کہ تحریک جعفریہ کے شہید رہنما بنیادی افراد میں سے تھے، جنہوں نے پاکستان میں نظام ولایت فقیہہ اور قیادت کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد علی نقوی امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، امامیہ آرگنائزیشن اور تحریک جعفریہ کے بنیاد ی ارکان میں سے تھے، جنہوں نے تشیع کے حقوق کیلئے اپنی خدمات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد علی نقوی عالم دین نہیں تھے مگر ان کی خدمات اور تحرک کے باعث علما ان کے قدر دان تھے، شہید دینی گھرانے سے تعلق رکھتے تھے، ان کے والد مولانا امیر حسین شاہ اپنے وقت کے معروف عالم دین تھے، امام خمینی کی قیادت میں جب انقلاب اسلامی ایران رونما ہوا تو پاکستان میں ولی فقیہہ کا ساتھ دینے والے اور ان کی حمایت کرنیوالے ابتدائی افراد میں سے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی نہ صرف شیعہ تنظیموں بلکہ دوسرے مسالک کے رہنماوں سے بھی رابطے میں رہتے تھے اور ان کے پروگراموں میں بھی شریک ہوتے تھے، وہ رائیونڈ میں تبلیغی اجتماع میں بھی جاتے تھے۔ 21 سال بعد بھی دینی اور تنظیمی حلقے ان کا احترام کرتے ہیں، دنیا میں ان کا نام زندہ ہے اور آئندہ بھی زندہ ہی رہے گا۔