
افغانستان کے صدر نے شیعہ رہنما شہید عبدالعلی مزاری کو شہید وحدت ملی کا لقب عطا کیا

کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صدر نے اپنے حکم کے ذریعے سرکردہ شیعہ رہنما شہید عبدالعلی مزاری کو شہید وحدت ملی کا لقب عطا کیا ہے۔
جمعے کی شام کو کابل کے ایوان صدر میں اس بارے میں ہونے والی ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر اشرف غنی نے کہا کہ شہید مزاری افغانستان کے قومی ہیرو ہیں اور انہوں نے اپنی جدوجہد سے تاریخ کے دھارے کو موڑ دیا۔
افغانستان کے صدر نے کہا کہ شہید عبدالعلی مزاری افغانستان میں امن اور استحکام کے خواہاں تھے کیونکہ وہ جنگ کو مسئلے کا حل نہیں سمجھتے تھے۔
شہید عبدالعلی مزاری کو شہید وحدت ملی کا لقب دیئے جانے کی تقریب میں افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ، سپریم پیس کونسل کے رکن ، پیر گیلانی، کریم خلیلی، نائب صدر سرور دانش، بعض افغان وزرا ، ارکان پارلیمنٹ ، علمائے کرام اور دیگر بااثر شخصیات نے بھی شرکت کی۔
قابل ذکر ہے کہ افغانستان کی حزب وحدت اسلامی کے سربراہ عبدالعلی مزاری اور ان کے ساتھیوں کو انیس سو چورانوے میں طالبان نے مذاکرات کی دعوت دے کر چار باغ کے علاقے میں شہید کر دیا تھا۔
عبدالعلی مزاری کی جماعت حزب وحدت اسلامی کے جوانوں نے افغانستان پر طالبان کی یورش کے مقابلے میں شدید مزاحمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طالبان کو کابل میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔