ایکسپریس نیوز کے مطابق، سری نگر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا کہ علیحدگی پسندوں کو نیشنل کانفرنس کو اپنا دشمن نہیں سمجھنا چاہیے، ان کی جماعت تب تک ان کے ساتھ ہے جب تک وہ صحیح راستے کی طرف قوم کی رہنمائی کریں گے۔
فاروق عبداللہ نے حریت رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں اب اس تحریک کو اختتام تک لے جایا جائے کیوں کہ ہم نے اس میں بہت جانیں دی ہیں۔ انہوں نے اپنے پارٹی کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ تحریک آزادی میں حریت رہنماؤں کا ساتھ دیں۔
جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کا مطالبہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ نریندر مودی مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں جب کہ مجھے امید ہے کہ مودی عنقریب پاکستان کے ساتھ بات کریں گے کیونکہ اس کے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے۔
کچھ روز قبل فاروق عبداللہ نے بھارت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پاکستان کو طاقت سے ڈرا نہیں سکتا جس کے بعد اترپردیش کی ایک عدالت میں ان کے خلاف مقدمہ بھی دائر کیا گیا تھا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر حریت کانفرنس حق کی بات کرے گی تو ان کی جماعت نیشنل کانفرنس ان کا ساتھ دے گی۔