فرزند رسول حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیھم السلام کے یوم ولادت با سعادت کے موقع پر مشہد الرضا میں جشن و سرور کا سماء ہے، لاکھوں زائرین ایران اور دنیا بھر سے مشہدالمقدس جمع ہو کر جشن منا رہے ہیں۔ مشہد الرضا سے موصولہ رپورٹ کے مطابق گیارہ ذیعقدہ فرزند رسول حضرت امام رضا علیہ السلام کی ولادت با سعادت کے دن کی مناسبت سے پورے ایران میں محافل منعقد کی جارہی ہیں جبکہ ایران بھر سے لاکھوں زائرین مشہدالمقدس پہنچ ہیں، جن میں ہزاروں زائرین ایسے ہیں کہ جو ملک کے دو دراز علاقوں سے پا پیادہ مشہدالرضا پہنچ ہیں۔ ادھر قم المقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کی بہن حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے حرم مطہر میں بھی زائرین کا رش ہے اور زائرین بہن کو بھائی کے یوم ولادت باسعادت کی مبارک باد پیش کررہے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ مشہد مقدس میں زائرین کی سہولیات کے لئے جگہ جگہ سبیلیں لگائی گئی ہیں جن میں نذر و نیاز کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے، واضح رہے ایران اسلامی اور دنیا کے اکثر ممالک میں یکم ذیقعدہ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت سے لیکر گیارہ ذیقعدہ فرزند رسول حضرت امام رضا علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے درمیانی دنوں کو عشرہ کرامت کے عنوان سے منایا جاتا ہے۔ اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی کی اردو سروس بھی اس مبارک موقع پر اپنے تمام قارئین کو دل کی گہرائیوں کے ساتھ مبارک باد پیش کرتی ہے۔
source : www.abna.ir