اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ انقلاب اسلامی کی سینتیسویں سالگرہ کی مناسبت سے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہر کرگل میں عظیم الشان پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق کشمیر کے شہر کرگل میں سب سے بڑا پروگرام جامع مسجد کرگل میں امام خمینی میموریل ٹرسٹ کی جانب سے منعقد ہوا۔ بسیج امام کی جانب سے خورشید انقلاب کے طلوع اور دھہ فجر کے موضوع پر منعقدہ اس پروگرام میں بسیج کے سینکڑوں جوانوں کے علاوہ مومنین و مومنات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔پروگرام کا افتتاح جناب ماسٹرلیاقت علی شہریار پشکم نے تلاوت کلام پاک سے کیا اس کے بعد بسیج کے دو نوجوان نعت خوانوں نے اسلامی ترانہ پیش کیا اور بعد میں بسیج کے ہونہار تعلیم یافتہ نوجوان جناب ماسٹر ممتاز گوما کرگل نے جدیت اور سعی پہم کے موضوع پر ایک فکر انگیز تقریر کی۔ اپنی تقریر میں ممتاز صاحب نے اسلامی انقلاب کے عظیم شخصیتوں جیسے شہید مدرس، شہید ڈاکٹر مصطفی چمران، شہید مفتح، شہیدرجائی اور شہید باہنر کی بے مثال صلاحیتوں کو اُن کی جدّیت اور سعی پیہم کا ثمرہ بتایا ۔اس کے علاوہ جوانوں کو 13سالہ شہید محمد حسین فہمیدہ جیسے نوجوان شہیدوں کی تاریخ پڑھنے پر زور ڈالا ۔ اس کے بعد بسیج کے جملہ جوانوں نے تجدید میثاق و اعلام آمادگی کرتے ہوئے اسلامی انقلاب و مقام معظم رہبری کے حق میں دشمنان اسلام امریکا واسرائل کے خلاف نعرہ بلند کیا ۔ اس کے بعد امام جماعت جناب شیخ محمد حسین رجائی صاحب نے صدارتی خطبہ دیتے ہوئے بسیج کے جوانوں کی ہمہ جانبہ خدمات کو سراہا اور اُن کی حق میں دعا کرتے ہوئے خدا سے مزید توفیقات کا طلبگار ہوئے۔ آخر میں دعا ئے امام زمان و دعا ئے انقلاب کے ساتھ مجلس اختتام کو پہونچی۔