اردو
Sunday 22nd of December 2024
0
نفر 0

آج دنیا کو پھر ضرورت ہے کربلا کی

آج دنیا کو پھر ضرورت ہے کربلا کی

محرم کی دس تاریخ (عاشورہ) کہ جب کربلا کی تپتی زمین پر خانوادہء رسول نے اسلام کی حیات کے لئے اپنی زندگیوں کے چراغ ایسے گل کئے کہ انکی روشنی ہر اندھیرے میں حق کی تلاش کرنے والوں کو آج بھی رستہ دکھاتی ہے، ضرورت اگر ہے تو صرف نیک نیتی اور یقینِ کامل کی۔
آج ہم اپنے چاروں طرف جو آگ اور خون کے سمندر دیکھ رہے ہیں اور مسلم امہ مجموعی طور پر جس تضحیک کا نشانہ بنی ہوئی ہے تو اس کی ایک وجہ تو قرآنی تعلیمات اور عملی اسلام سے دوری ہے اور دوسری بڑی وجہ پیغام کربلا اور فکر حسین ع کو فراموش کرنا ہے۔ ہم روایات و رسومات میں اپنا تشخص کھو چکے ہیں اور ہماری سوچ پر جیسے جمود طاری ہے اور علم سے جیسے ہمیں کوئی سروکار نہیں۔ جمود بھی ایسا کہ نہ تو اسے کربلا کا پیغام حریت و انقلاب توڑ پا رہا ہے اور نہ ہی استغاثہ حسینی ع کی صدا اس پر کچھ اثر انداز ہو رہی ہے۔
ہم مسلمانوں کی زندگیاں دو قربانیوں کے درمیان جیسے محصور ہو گئی ہیں، ایک قربانی حضرت ابراہیم ع اور دوسری نواسہ رسول امام حسین ع کی، ان دو قربانیوں کے درمیان پرورش و تربیت پانے والا مسلمان قربانی کے مفہوم سے ہی ناآشنا نظر آتا ہے، یہ دونوں عظیم قربانیاں جس میں اطاعت کا پہلو بھی ہے اور شجاعت کا بھی، صبر کا عنصر بھی ہے اور جہاد کا بھی، استقامت کا درس بھی ہے اور وفاداری کا بھی، لیکن پھر بھی مسلمان ان تمام اوصاف سے عاری نظر آتا ہے اور یہی سب سے بنیادی وجہ ہے کہ اکیسویں صدی میں بھی مسلمان اور اسلامی حکومتیں اپنے محور سے دور بھٹکتی نظر آ رہی ہیں، حالانکہ منزل بھی واضح ہے اور اس تک پہنچنے کا ذریعہ بھی ۔۔۔۔۔ وہ ذریعہ ہے کربلا اور عزاداری سید الشہداء۔۔۔۔۔امام خمینی (رہ) نے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد ایسے ہی نہیں کہا تھا کہ ہمارے پاس آج جو کچھ بھی ہے وہ عزاداری سید الشہداءکی وجہ سے ہے۔
اسی چیز کو اقبال لاہوری کچھ اس طرح بیان کرتے ہیں کہ:
غریب و سادہ و رنگیں ہے داستانِ حرم
نہایت اسکی حسین ابتدا ہے اسماعیل
یہ دونوں عظیم قربانیاں اپنی اپنی جگہ ذبح عظیم ہیں اور دونوں دینِ برحق کی شہادت کی امین بھی ہیں اور حق کی فتح کی ضامن بھی۔ کربلا کی جنگ جسموں اور ظاہری انسانوں کے درمیان نہیں تھی بلکہ یہ جنگ اہداف و نظریات کی جنگ تھی۔ یہی وجہ ہے کہ یزید ہار گیا اور امام حسین ع شہید ہونے کے بعد بھی کامیاب و کامران ہو گئے، سیدالشہداء اور آپ کے انصار و اعوان کی مظلومانہ شہادت نے پورے اسلامی معاشرے میں بیداری کی لہر پیدا کر دی، اسلامی رگوں میں تازہ خون گردش کرنے لگا، مظلوموں اور ستمدیدہ لوگوں پر چھایا ہوا سکوت توڑ دیا، ظالموں اور جابروں کے خلاف آوازیں بلند کرنے کی ہمت ملی، لوگوں کے ذہنوں کو بدل ڈالا اور ان کے سامنے حقیقی اورخالص اسلام کا تصور پیش کیا۔ یہ تصادم اور یہ جنگ اگرچہ ظاہری طور پر ایک ہی دن میں تمام ہو گئی، لیکن طول تاریخ میں ہمیشہ اس کے ایثار و برکات ظاہر ہوتے گئے اور جوں جوں تاریخ آگے بڑھتی گئی اس کے نتائج سامنے آتے رہیں گے۔
رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اہل بیت اطہار ع کی شناخت اس امت کے مثالی رہبر کے عنوان سے ہوئی، پیغمبر اسلام کے بعد اگرچہ مسلمانوں کی تعداد کئی گنا زیادہ بڑھ گئی تھی لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مسلمان اصل اسلام سے دور ہوتے گئے، مفاد پرست حاکموں نے اپنے ذاتی منافع کے تحفظ کی خاطر حلال محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو حرام اور حرام محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو حلال قرار دے دیا اور اسلام میں بدعتوں کا سلسلہ شروع کر دیا، تاریخ گواہ ہے کہ رسول کی رحلت کے 52 سال بعد جب امام علی ع نے نماز پڑھائی تو لوگوں نے بہت تعجب سے کہا کہ آج ایسا لگا کہ جیسے رسول خدا نے نماز پڑھائی ہو اور 61ھ میں تو نماز کا تصور ہی ختم ہو گیا تھا۔ ایسے میں پیغمبر اکرم ص کے حقیقی جانشین نے میدان کربلا میں تیروں، تلواروں اور نیزوں کی بارش میں، تیروں کے مصلے پر نماز قائم کر کے اپنی صالح رہبری اور اسلام دوستی کا ثبوت دے دیا اور یہ واضح کر دیا کہ اسلام کا حقیقی وارث ہر وقت اور ہر آن اسلام کی حفاظت کے لئے ہر طرح کی قربانی دے سکتا ہے۔
عاشورا، ظلم، ظالم، باطل اور یزیدیت کے خلاف انقلاب کا آغاز تھا۔ امام حسین ع نے یزید سے صاف صاف کہہ دیا تھا کہ مجھ جیسا تجھ جیسے کی بیعت نہیں کر سکتا، یعنی جب بھی یزیدیت سر اٹھائے گی تو حسینیت اس کے مقابلے میں ڈٹ جائے گی، جب بھی یزیدیت اسلام کو چیلنج کرے گی تو حسینیت اسلام کو سربلند رکھے گی اور یزیدیت کو نابود کرے گی، یہی وجہ ہے کہ عاشورا کے بعد مختلف ظالم حکمرانوں کے خلاف متعدد انقلاب رونما ہوئے اور کامیابی سے بھی ہمکنار ہوئے، لیکن قائم وہی رہے، جن کی اساس اسلام و درس کربلا و حسینیت تھا۔
انقلاب اسلامی کی کامیابی اور اس کی ثابت قدمی کے ساتھ ارتقاء اس بات کی دلیل ہے کہ اس کی اساس کربلا اور عاشورہ کے ابدی پیغام پر ہے، کربلا حریت پسندی، جوانمردی، شجاعت اور حق کی نصرت کا درس دیتی ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ گروہ جو استبدادی فکر و فلسفہ کے حامل ہوتے ہیں وہ کربلا اور درس کربلا سے خوف میں مبتلا رہتے ہیں، کیونکہ کربلائی فکر انکے استبدادی نظام کو ڈھا سکتی ہے۔ جب بھی کوئی کربلا و حسینیت کو اساس بنا کر ظلم اور استبداد کے خلاف اٹھے گا کامیابی اسکے قدم چومے گی۔

لیکن وائے ہو ان مسلمانوں پر جن کی تعداد تو بہت ہے لیکن وہ نہ تو کربلا سے کوئی درس لیتے ہیں اور نہ ہی عاشورہ ان میں حرارت پیدا کرتا ہے، وہ صرف تماشائی بنے ہوئے ہیں، انکو بھیڑ بکریوں کی طرح جو بھی چاہتا ہے اور جس طرف چاہتا ہے، ہانک کر لے جاتا ہے۔
میں کوئی عالم، مذہبی رہنما، کسی تحریک کا رکن یا کوئی نام نہاد دانشور نہیں، ایک عام آدمی ہوں اور ایک عام آدمی جو سوچتا ہے اور کہہ نہیں سکتا یا پھر لکھ نہیں سکتا، اسی کی بات لکھ رہا ہوں۔ میرے لئے تو یہ غم اور دکھ اتنا ہی کافی ہے کہ بکھرے ہوئے قبیلوں اور قوموں کو ایک تسبیح میں پرونے والے آخری نبی ص کی امت خود فرقوں میں بٹ چکی ہے اور استعمار کے ہاتھوں میں کھلونا بنی ہوئی ہے، قوم، مذہب، زبان کی بنیاد پر مسلمانوں کی طاقت کو تقسیم کیا جا رہا ہے، رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، جنہیں خدا نے تمام عالم کے لئے رحمت بنا کر بھیجا تھا، ان کی ذات کو محدود سے محدود تر کیا جا رہا ہے، تاکہ انکی تعلیمات سے فائدہ نہ اٹھایا جا سکے، اب تو کچھ جاہل یہ دعویٰ بھی کرتے نظر آتے ہیں کہ نعوذبااللہ روز محشر پہلے رسول خدا ص کا حساب ہو گا۔۔۔۔۔خدا کی لعنت ہو ان پر جو رحمت اللعالمین کی ذات پاک پر انگلیاں اٹھانے کی جرات کر تے ہیں۔
ہم نے ان لامحدود ہستیوں کو محدود کرنے کا اور انکو انکے مقام سے کمتر حیثیت پر رکھنے کا جو جرم کیا ہے، ہماری مغفرت نہ ہونے کے لئے یہی جرم کافی ہے، حسینیت اور کربلا کو مسلمانوں سے دور کر دینا یا انکے درمیان فاصلے پیدا کر دینا، گناہ کبیرہ سے کم نہیں، حسین ع سب کا ہے، کربلا کا پیغام سب کا ہے۔۔۔۔۔یہ وہ جشمہ ہے کہ جس سے ہر کوئی سیراب ہو سکتا ہے، کسی کو حق نہیں کہ کسی کو بھی ہدایت کے اس سرچشمے سے دور کرے۔۔۔۔۔وہ جو دور ہیں، اگر نجات چاہتے ہیں تو قریب آجائیں، وہ جو قریب ہیں، انکی ذمہ داری ہے کو بھٹکے ہووں کو راستہ دکھائیں۔
کیا کربلا کسی مسلک کی تھی، کیا حسین کسی ایک خاص فرقہ کا ہے؟ نہیں! امام حسین اور رسول ص کے خانوادے کا صرف اسلام پر نہیں پوری کائنات پر حشر تک کے لئے احسان ہے، ورنہ غریب زندہ نہ رہتا اور ملوکیت ہر عہد میں اپنا خراج وصول کرتی رہتی۔
10 محرم 61 ھجری کو کربلا ختم نہیں بلکہ شروع ہوئی تھی اور آج بھی ہر وقت کے یزید کو شکست دینے کے لئے حوصلہ ہمیں کربلا سے ہی ملتا ہے، کربلا جس نے قلت و کثرت کے معنی بدل دیئے، جس نے حق و باطل کا معیار طے کر دیا اور جس نے بے زبان کو زبان دی اور کربلا پر جو جان دیتا ہے کربلا اس کو تاابد زندہ جاوید رکھتی ہے۔
حسین آو کہ اب شہادت کا لفظ معنی بدل رہا ہے
حسین آو کہ وقت انساں کو اپنے ہاتھوں مسل رہا ہے
حسین آو کہ اب تو آنکھوں کی بینائی پانی میں ڈھل گئی ہے
حسین آو کہ آج کے آدمی کی ہیئت بدل گئی ہے
حسین میرے نحیف سانسوں کو پھر ضرورت ہے انبیاء کی
قسم خدا کی حسین آو کہ آج دنیا کو پھر ضرورت ہے کربلا کی


source : www.abna.ir
0
0% (نفر 0)
 
نظر شما در مورد این مطلب ؟
 
امتیاز شما به این مطلب ؟
اشتراک گذاری در شبکه های اجتماعی:

latest article

انما یرید اللہ لیذھب عنکم الرجس اھل البیت و ...
خوارج کی مخالفت کی وجہ اور اس کی وضاحت
حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کی چالیس حدیثیں
چارشعبان، یوم ولادت با سعادت علمدار کربلا حضرت ...
اہلبیت علیھم السلام کتاب و سنت کی روشنی میں
ابو طالب؛ نیک خصال جوانمرد
رسول خدا (ص) کی والدہ ماجدہ حضرت آمنہ
حضرت عباس کا عِلم
عزت امام حسین (ع) کی نگاہ میں
اهل بيت عليهم السلام کے کلام ميں بي بي معصومہ س

 
user comment