خطیب نماز جمعہ تہران آیت اللہ محمد امامی کاشانی نے مہدویت کے مسئلے کو اتحاد بین المسلمین کی بنیاد قرار دیا ہے۔
مہدویت ، اتحاد بین المسلمین کی بنیاد
ابنا: آیت اللہ امامی کاشانی نے آج تہران میں نماز جمعہ کے خطبوں میں حضرت امام زمان [ عج] کے یوم ولادت با سعادت کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوۓ مہدویت کے مسئلے کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ مہدویت اتحاد بین المسلمین کی بنیاد قرار پا سکتا ہے۔ خطیب نماز جمعہ تہران نے مہدویت کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے پر سعودی عرب کے بعض درباری اور پٹھو نام نہاد علماء پر تنقید کرتے ہوۓ مسلمانوں کو زیادہ سے زیادہ اتحاد قائم کرنے کی دعوت دی۔ آیت اللہ امامی کاشانی نے اس بات کو بیان کرتے ہوۓ کہ اہل تشیع کے درمیان انتظار کا نظریہ زیادہ واضح انداز میں موجود ہے کہا کہ مستقبل کا ادراک ، مستقبل کا انتخاب اور مستقبل کے لۓ عمل انتظار کے تین اہم ارکان ہیں۔ خطیب نماز جمعہ نے مزید کہا کہ تمام ادیان نے ایک نجات دہندہ کے انتظار کی بات کی ہے اور یہ مسئلہ بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ خطیب نماز جمعہ نے انتظار اور مہدویت کے موضوع کے وسیع تر پہلووں کی تشریح کرتے ہوۓ ایک حدیث کی جانب اشارہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ حضرت امام زمانہ [ عج ] کے ظہور اور عالمی حکومت کی تشکیل کے بعد صرف ایک ہی ہستی کی بات حرف اول بھی ہوگي اور حرف آخر بھی ۔ اور وہ ہستی حضرت امام زمانہ [ عج ] کی ذات والا صفات ہوگي۔
source : www.sibtayn.com