حضرت امام زین العابدینؑ کے یوم شہادت کے موقع پرجموں کشمیر میں مجالس و جلوسوں کا اہتمام کیاگیا۔
سرینگر- سید دلاور حسین
اس سلسلے میں جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے آرہ بل شالیمار سرینگر سے جلوس ذوالجناح برآمد ہواجو امام باڑہ گلشن علی شالیمار میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس عزا میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی۔ باغ زینبؑ شالیمارمیں خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے حضرت امام زین العابدینؑ کی سیرت و کردار پرتفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ امام عالی مقام نے شہدائے کربلاؑ کے مقدس خون اور آفاقی مشن کے تحفظ و ترویج کیلئے زندگی بھر وقت کے حکمرانوں کے مظالم کا پامردی سے مقابلہ کیا، حضرت امام حسین ؑ کی عاشورائی تحریک آپؑ کے ہی کردار و عمل سے رہتی دنیا تک زندہ اور تابندہ ہے۔
امام عالی مقام ؑ نے وقت کے حکمرانوں کی طرف سے شہدائے کربلا کے خون پر پردہ ڈالنے کی تمام کوششوں کو ناکام بناکر شہدا کے وارث ہونے کا حق ادا کیا، امام عالی مقام کا کردار و عمل جابر قوتوں کے تسلط سے نجات کی جدوجہد کرنے والی قوموں کیلئے مشعل راہ ہے کہ وہ اپنے شہدا کے خون اور مشن کے ساتھ ہر قیمت پر تجدید وفا کریں یہی محکوم قوموں کی کامیابی کی ضمانت ہے۔
اسی طرح سے جموں شہرمیں بھی مجالس کا اہتمام کیا گیا جس کا انعقاد شیعہ فیڈریشن کے صدر عاشق حسین خان نے کیا۔ وہیں سرحدی ضلع پونچھ میں بھی مقامات پر مجالس منعقد ہوئیں ۔ امام بارگاہ پونچھ میں مولانا سید آل محمد زیدی ، منڈی میں عالم دین و مدیر مدرسہ علمیہ امام محمد باقر ؑ حسین آباد گورسائی نالہ مینڈھر مولانا سید مختار حسین جعفری اور مینڈھر سلواہ میں معروف ذاکر اہلبیت امیر حمزہ نے خطاب کرکے فضائل ومصائب امام بیمار اور آپ ؑ کی دین کی خاطر خدمات بیان کیں ۔
source : irib