ایک بحرینی سیاستدان نے کہا ہے کہ امریکہ اور اقوام متحدہ بحرین میں آل خلیفہ حکومت کے سامنے سنجیدہ نہيں ہیں اور ان کی غیرسنجیدگی کی انتہا یہ ہے کہ بان کی مون کی طرف سے تشویش کے اظہار کے بعد آل خلیفہ حکومت نے مسجد امام حسن عسکری (علیہ السلام) کو شہید کردیا اور عوام پر جبر و ستم کا سلسلہ شدید تر ہوگیا۔
اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق جمعيۃالعمل الاسلامی کے سینئر رکن ہشام الصباغ نے کہا ہے کہ حال ہی میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے بحرین کی صورت حال پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا جس کے بعد عوام پر جبر و تشدد کا سلسلہ تیز ہوگیا اور لوگوں کے گھروں پر حملوں میں شدت آگئی اور عوام کے خلاف پرتشدد کاروائیوں میں اضافہ ہوا۔ اور لوگوں کو ان کے گھروں سے اغوا کیا گیا۔
انھوں نے کہا: جب بھی انسانی حقوق کی تنظیمیں یا بین الاقوامی ادارے کی طرف سے تشویش اور مذمت پر مبنی بیانات یا رپورٹیں شائع ہوتی ہیں، آل خلیفہ کی حکومت ان بیانات اور رپورٹوں کا جواب اصلاح پسند سیاستدانوں اور حریت پسند شہریوں پر تشدد، ٹارچر اور غیرانسانی کاروائیوں سے دیتی ہے اور ان رپورٹوں کو لا ئق اعتنا ہی نہیں سمجھتی۔
یاد رہے کہ بین الاقوامی اداروں کی طرف سے جب بھی کوئی سنجیدہ بیان آتا ہے آل خلیفہ حکومت ہاتھ پیر کھودیتی ہے لیکن اب اس کو مکمل اطمینان ہے کہ یہ ساری رپورٹیں محض ڈرامہ ہے اور امریکہ ـ جو 60 برسوں سے اسرائیل کے خلاف اقوام متحدہ کی تمام قرار دادیں ویٹو کرتا رہا ہے اور اس کو جنرل اسمبلی کی قراردادوں سے بچاتا رہا ہے ـ اس چھوٹی سی ناچیز آمریت کو بھی بچا ہی لے گی اگر چہ یہ امریکہ کی بدبختی ہے کہ اس کو اپنے مفادات کے لئے بے وقعت اور غیر مقبول چھوٹی اور غیر مہذب حکومتوں کا سہارا لینا پڑ رہا ہے۔
الصباغ نے کہا: مساجد کو شہید کرنے کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب بان کی مون نے آل خلیفہ سے بحرین کی صورت حال پر اپنی تشویش ظاہر کی اور جمعرات 26 اپریل کو اس مدینۃ الحمد میں مسجد امام حسن عسکری (علیہ السلام) کو شہید کردیا اور اصلاح طلب شہریوں پر تشدد آمیز حملوں میں اضافہ ہوا اور یوں ظاہر ہوا کہ آل خلیفہ حکومت عوام کو کچلنے اور مساجد کو شہید کرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کے عمل سے بین الاقوامی اداروں کی تشویش کا جواب دیتی ہے۔
انھوں نے کہا: اقوام متحدہ اور امریکہ کی درخواستیں غیر حقیقی ہیں اور ان درخواستوں کا مطلب ہرگز یہ نہيں ہے کہ آل خلیفہ کی حکومت حقیقتاً عوام کے خلاف جبر و ستم کا سلسلہ بند کردے کیونکہ وہ بحرین میں آل خلیفہ کے تشدد آمیز اقدامات کو روکنے کے لئے کوئی عمل اقدام نہيں کرتے۔
source : http://www.abna.ir