اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ بحرینی پولیس نے ملک کے مختلف علاقوں میں سیاہ پرچم اور عزاداری کے بینر نصب کرنے والوں کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
خبروں میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی حمایت یافتہ بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے شیعہ نوجوانوں کو اس وقت تشدد کا نشانہ بنایا جب وہ محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر دیواروں پر سیاہ پرچم اور بینر نصب کر رہے تھے۔
اس واقعے کے خلاف بحرین کی اکثریتی شیعہ آبادی میں زبردست اشتعال پیدا ہوا اور انہوں نے دارالحکومت منامہ کے نواحی علاقوں میں شدید مظاہرے کئے۔
بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے، جنہیں سعودی فوج کی حمایت حاصل ہے، پرامن مظاہرین پر آنسو گیس کے گولے پھینکے، صوتی بموں سے نشانہ بنایا اور تمام سیاہ بینر اور پرچم اکھاڑ کر ان کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔
بحرینی پولیس کے تشدد اور آنسو گیس کی شیلنگ سے درجنوں افراد متاثر ہوئے۔
واضح رہے کہ بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے عوامی تحریک جاری ہے اور اس ملک کے عوام سیاسی اصلاحات، آزادی و انصاف کے قیام اور سماجی ناانصافیوں کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ لیکن بحرین کی شاہی حکومت، عوامی مطالبات پورے کرنے کے بجائے سعودی فوجیوں کے ساتھ مل کر ملک میں جاری پرامن جمہوری تحریک کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے۔