سرینگر/جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور جعفریہ کونسل کے سرپرست اعلیٰ آغاسید حسن الموسوی الصفوی نے اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ اور بانی انقلاب اسلامی ایران حضرت امام خمینیؒ کے مرقد پر دہشتگردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے مغربی استکبار کے بدترین آلہ کار تکفیری دہشتگرد گروہ کے ایجنڈے کی کڑی قرار دیا۔ آغا صاحب نے ان دہشتگردانہ حملوں میں شہید ہوئے افراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم و قیادت کو ایسے دہشتگردانہ حملوں سے اپنے انقلاب اور استکبار شکن نصب العین سے دست بردار نہیں کیا جاسکتا۔ آغا صاحب نے کہا کہ یہ حملے اس حقیقت کے غماز ہیں کہ انقلاب اسلامی ایران کے مغربی حریف اور خطے کی دیگر قوتیں اسلامی انقلاب ایران کو نقصان پہنچانے کے ہر حربے میں ناکام ہوکر اب دہشگردوں کی خدمات حاصل کرکے اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کا منصوبہ مرتب کرچکے ہیں۔ تاہم ایرانی قوم و قیادت استکباری عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ آغا صاحب نے ان دہشتگردانہ حملوں میں شہید کئے گئے افراد کے لواحقین اور ایرانی قوم و قیادت کو ہدیہ تعزیت پیش کیا اور درجنوں مضروبین کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ عوام سے اس معاملے میں صبر و تحمل اور برد باری کی اپیل کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ جس گروہ نے انبیاءاعظام ؑاور صحابہ کرام ؓ کے مرقدہائے مقدسہ کو اکھاڑنے میں کوئی جھجک محسوس نہیں کی ، ایسے دہشتگرد گروہ کا خاتمہ ہر مسلمان کا دینی وانسانی فریضہ ہے۔