کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے ڈی آئی خان میں معصوم انسانوں کی شہادت کو المناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے تمام تر دعووں کے باوجود آج بھی ملک کے گلی کوچوں میں قاتل دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا نیا پاکستان دہشت گردی سے پاک ہونا چاہیئے، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت شیعہ وکلاء، ٹیچرز و زعماء کے قتل عام کا سلسلہ روکے۔ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے، جبکہ ملکی سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ ملک و قوم کو دھشت گردی اور کرپشن سے نجات دلائیں۔ کرپشن اور دہشت گردی نے دیمک کی طرح ملکی بنیادوں کو کھوکھلا کردیا ہے۔ انہوں نے آرمی چیف کی جانب سے گیارہ دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کو خوش آیند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے وارثان شہداء اور کوئٹہ کے مظلوم ہزارہ عوام یہ سوال پوچھتے ہیں کہ سینکڑوں معصوم انسانوں کے قاتل ہمارے مجرموں کو کب پھانسی ہوگی؟۔ کیونکہ وارثان شہداء آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین معاشرے کے مظلوم اور ستمدیدہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے، ملکی اور عالمی سطح پر انسان دشمن اور عوام دشمن سامراجی قوتوں کے خلاف ہم میدان عمل میں ہیں۔ عوام کرپشن اور دہشت گردی کے خاتمہ اور متبادل صالح قیادت کے سلسلے میں ہمارا ساتھ دیں۔
source : abna24