سرینگر/ جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے مغل مارکہ جڈی بل میں سالانہ مجلس حسینیؑ کا انعقاد کیا گیا۔ مجلس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر تنظیم کے سربراہ اور حریت کانفرنس کے سینئر رہنما حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے عقیدت مندوں سے خطاب کرتے ہوئے اسلام اور مسلمین کے خلاف مغرب کی روز افزوں زہر افشانی کو اسلام کے خلاف یہودونصاریٰ کے دشمنانہ جذبات کا عکاس قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ مغرب کا زہر آلود پروپگنڈہ دین اسلام کی حقانیت اور اعتباریت کو ہرگز متاثر نہیں کرسکتا۔ آغا صاحب نے کہا کہ اسلام کے خلاف مغربی دنیا کی زہر افشانی نے اہل یورپ کو دین اسلام سے متعلق تحقیق کی طرف مزید متوجہ کیا ہے اور لوگ برابر دائرہ اسلام میں داخل ہوتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 14 سو سال سے متواتر تمام دشمنان اسلام، اسلام کے خلاف پروپگنڈہ جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن دین حق نے ہر دور میں اپنی حقانیت اور اعتباریت کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے تحفظ اور سربلندی کیلئے شہداءکی قربانیاں بالخصوص صحرائے کربلا میں حضرت امام حسین ؑ اور ان کے رفقاءکی عظیم شہادتیں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ان عظیم قربانیو ں کو یاد کرکے امت مسلمہ اسلام کے تحفظ اور ترویج کیلئے قربانیوںکا تجدید عہد دہرا رہے ہیں۔
source : abna24