دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر کراچی میں بانی پاکستان محمد علی جناح کے مزار کو عوام کے لئے بند کر دیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب شاہ محمود قریشی نے نیپ پر عملدرآمد نہ ہونے کو حکومت کی بڑی ناکامی قرار دہتے ہوئے تاکید ہے کہ مزاروں اور درباروں کو بند کرنے سے کچھ نہیں ہوگا۔
پاکستان میں جاری دہشتگردی کی نئی لہر کے بعد کراچی میں بانی پاکستان محمد علی جناح کے مزار کو سیکورٹی خدشات کے باعث عوام کے لئے بند کردیا ہے۔
علاوہ ازیں مزار کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔
اس زمرے میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے بیان دیا ہے کہ مزارات کو بند کر نے سے دہشت گردی ختم نہیں ہوگی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہشتگردی کی اصل وجہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ ہونا ہے جو حکومت کی بہت بڑی ناکامی ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں 5 روز میں 7 دہشتگرد دھماکوں کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے ہیں اور ملک کے تمام حساس مقامات کی سیکورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔
جبکہ جڑواں شہروں میں حساس عمارتوں کا کنٹرول پاک فوج نے سنبھالتے ہوئے راولپنڈی اور اسلام آباد میں بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اڈیالہ جیل سمیت متعدد اہم حساس عمارتوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔