ڈیلی ٹائمز نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کی تجویز پیش کرنے کے ساتھ ساتھ کہا ہے کہ پاکستان کبھی بھی اسرائیل کا دشمن نہیں تھا اور نہ ہے لہذا اسے چاہیے کہ اسرائیل سے دوستی کے راستے ہموار کرے۔
اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ خیبر صہیون تحقیقاتی ویب گاہ کے مطابق، ریڈیو اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی اخبار’ ڈیلی ٹائمز’ نے حکومت پاکستان کو تجویز پیش کی ہے کہ وہ اسرائیل کو تسلیم کر کے اس ملک کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کی کوشش کرے جو پاکستان کے مفاد میں ہے۔
ریڈیو اسرائیل کا کہنا ہے کہ پاکستانی اخبار نے یہ تجویز ایسے حال میں پیش کی ہے جب بھارت اور پاکستان کے درمیان کشمیر کے مسئلے پر ایک بار پھر کشیدگی پیدا ہو چکی ہے۔ ریڈیو اسرائیل کے مطابق بھارت گزشتہ بیس سال سے زیادہ عرصے سے اسرائیل کے ساتھ گہرے سفارتی تعلقات رکھتا ہے اور ان دونوں ملکوں کا باہمی تعاون روز بروز بڑھتا جا رہا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد سے انگریزی زبان میں چھپنے والے اخبار ‘ڈیلی ٹائمز’ جو عام طور پر حکومت پاکستان کے خیالات کی عکاسی کرتا ہے نے منگل کے روز چھپنے والے اپنے ایک مضمون میں لکھا ہے کہ بھارتی حکومت اسرائیل کے ساتھ دوستی اور اس ملک کے ساتھ تعاون کے نتیجے میں بہترین جنگی ہتھیار حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکی ہے جو اس بات کا باعث بنی ہے کہ پاکستان کے مقابلے میں بھارت کی فوج طاقتور ہو جائے۔
اس مضمون میں حکومت پاکستان سے یہ سوال پوچھا گیا ہے کہ کیوں حکومت پاکستان خود کو اسرائیل کے ساتھ دوستی سے محروم کر رہی ہے؟
ڈیلی ٹائمز نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کی تجویز پیش کرنے کے ساتھ ساتھ کہا ہے کہ پاکستان کبھی بھی اسرائیل کا دشمن نہیں تھا اور نہ ہے لہذا اسے چاہیے کہ اسرائیل سے دوستی کے راستے ہموار کرے۔
ڈیلی ٹائمز نے مزید لکھا ہے کہ ایسے حالات میں کہ عرب ممالک بھی اسرائیل کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھا چکے ہیں اور خلیج فارس کے عرب حکمران بھی اسرائیل کے ساتھ تعاون اور دوستی کے خواہاں ہیں کوئی معقول وجہ نہیں ہے کہ پاکستان اپنی آنکھیں بند کر کے بیٹھا رہے اور اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکار کرتا رہے۔
ریڈیو اسرائیل نے مزید لکھا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نے کچھ عرصہ قبل اسرائیل کا سرکاری دورہ کیا اور اسرائیل کی تازہ ترین ٹیکنالوجی کو ہندوستان منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق، بھارت جنگی ہتھیاروں کے میدان میں اسرائیل کے تازہ ترین ہتھیاروں کا ایک اہم خریدار ہے۔
ریڈیو اسرائیل کے مطابق حکومت پاکستان نے ابھی تک ڈیلی ٹائمز کی تجویز کا کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ لیکن گزشتہ رپورٹوں کے مطابق، پاکستان اور اسرائیل کے نمائندوں کے درمیان خفیہ ٹیلیفونی رابطے ہوئے ہیں۔
پاکستان تنہا ایسا اسلامی ملک ہے جس کے پاس ایٹم بم ہے۔ کچھ سال قبل لیبیا کے رہنما معمر قذافی نے اسلام آباد سے ایٹم بم خریدنے کی کوشش کی تاکہ اسے اسرائیل کے خلاف استعمال کرے۔ لیکن پاکستان نے قذافی کو ایٹم بم بیچنے سے انکار کر دیا۔
ریڈیو اسرائیل نے لکھا ہے کہ ڈیلی ٹائمز نے اپنے اس مضمون میں لکھا ہے کہ پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف اسرائیل کو تسلیم کرنے کے خواہاں تھے۔ اس نے مزید لکھا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کی پارلیمنٹ اہم قدم اٹھائے اور اسرائیل کے ساتھ سیاسی تعلقات کو معمول پر لانے کے مقدمات فراہم کرے۔