امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک اسکول نے مسلم خاتون پیتھا لوجسٹ کو اسرائیل کی حمایت سے متعلق حلف اٹھانے سے انکار پر نوکری سے فارغ کردیا۔
اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک اسکول نے مسلم خاتون پیتھا لوجسٹ کو اسرائیل کی حمایت سے متعلق حلف اٹھانے سے انکار پر نوکری سے فارغ کردیا۔ مسلمان خاتون باہیا اماوی گزشتہ 9 سال سے انڈیپنڈنٹ اسکول (پی آئی ایس ڈی) میں بطور استاد بچوں کی ’اسپیچ پیتھالوجسٹ‘ ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھا رہی تھیں۔
متاثرہ ٹیچر کا کہنا ہے کہ سالانہ بنیادوں پر معاہدے کی تجدید کے لیے آفر لیٹر دیا جاتا تھا جو کہ گزشتہ 9 سال سے ایک جیسا تھا تاہم امسال دیے گئے آفر لیٹر کے متن میں تبدیلی کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال کے کنٹریکٹ میں اضافی نکات شامل کیے گئے جس میں اسرائیل کا بائیکاٹ نہ کرنے کا پابند کیا گیا اور حلفیہ طور پر معاہدے کے دورانیے میں اسرائیل کا معاشی یا کسی بھی طرح کا بائیکاٹ نہ کرنے کا وعدہ مانگا گیا تھا۔
اسرائیل سے وفاداری کا حلف نہ لینے پر ٹیچر کو نوکری سے نکال دیا گیا اور اسکول کے اس فیصلے کے خلاف متاثرہ خاتون نے قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔ خاتون نے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے عدالت میں موقف اپنایا کہ نوکری سے برخاست کرنا آزادی اظہار رائے کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔