امیرالمومنین حضرت علی ابن ابیطالبؑ کے یوم ولادت باسعادت پرعامۃ المسلمین کو مبارکبار دپیش کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ مولائے کائنات حضرت علیؑ کی برگزیدہ شخصیت اور ان کا سیرت و کردار دین و ملت کا سرمایہ افتخار ہے۔
اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ نوروز عالم اور امیرالمومنین حضرت علی ابن ابیطالبؑ کے یوم ولادت باسعادت کے موقعہ پر فرزندان اسلام بالخصوص وابستگان امامت و ولایت کو ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے سربراہ اور سیئر حریت رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے عالم اسلام کی امن و سلامتی اور عزت و سربلندی کیلئے دعا کی۔ آغا حسن نے کہا کہ نوروز عالم آمد بہار اور روئے زمین پر سرسبزی و شادابی کے از سر نو آثار نمایاں ہونے کی علامت ہے اور یہ دن دنیائے بشریت کیلئے عید فطرت ہے۔
امیرالمومنین حضرت علی ابن ابیطالبؑ کے یوم ولادت باسعادت پرعامۃ المسلمین کو مبارکبار دپیش کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ مولائے کائنات حضرت علیؑ کی برگزیدہ شخصیت اور ان کا سیرت و کردار دین و ملت کا سرمایہ افتخار ہے۔آپ کی ذات مبارکہ علم و عرفان الٰہی اور عشق و اطاعت رسولﷺ کا اعلیٰ ترین اور بے مثال و بے بدل نمونہ ہے۔حضرت علیؑ نے حضور سرور کائناتؑ کی اطاعت و پیروی اور حمایت و نصرت کے سلسلے میں جو کارہائے نمایاں انجام دئے وہ تاریخ اسلام کے درخشان باب ہیں۔ ایرانی قوم و قیادت کو سال نو کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ کشمیری قوم کے دینی ، ملی، تہذیبی اور ثقافتی رشتوں کی تاریخ انتہائی طویل ہے اور ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد ان رشتوں میں مزید نکھار پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کے بعد ایران میں جو اسلامی نظام قائم ہوا وہ دنیائے اسلام کیلئے مشعل راہ ہے۔ اس نظام و انقلاب کے ساتھ کشمیری قوم کی غیر متزلزل محبت و عقیدت ایک کھلی کتاب کے مانند ہے۔
آغا حسن نے اسلامی جمہوریہ ایران کی تعمیر و ترقی استحکام اور خوشحالی، انقلاب اسلامی کی حفاظت اور رہبر معظم حضرت امام خامنہ ای کے صحت و سلامتی کی دعا کی۔ آغا حسن نے انٹراگیشن سینٹر کارگو سرینگر میں اونتی پورہ کے نوجوان کی دوران ٹارچر شہادت پر گہرے رنج و غم اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اس کاروائی کو سراسر غیر انسانی اور سفاکانہ قرار دیا۔ آغا حسن نے کہا کہ ایسے سانحات سیکورٹی ایجنسیوں کے عزائم کے عکاس اور افسپا کا شاخسانہ ہے۔
آغا حسن نے نیوزی لینڈ میں ہوئے حالیہ دہشتگردانہ خودکش حملے میں شہید درجنوں نمازیوں کو خراج عقیدت اور لواحقین سے تعزیت و تسلیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی اور صلیبی قوتیں ایسے بزدلانہ اور سفاکانہ حملوں سے دین اسلام کی روزافزوں مقبولیت اور غیر اسلامی اقوام کے لوگوں کی اسلامی کی طرف رغبت کے رحجان اور راستوں کو مسدود نہیں کرسکتی۔ یوم ولادت باسعادت حضرت امیر المومنین علی ابن ابیطالبؑ کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے اہتمام سے وادی کے طول و عرض میں حسب عمل قدیم خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ جشن مولود کعبہ کی ایک پروقار تقریب جامعہ باب العلم ہائرسکنڈی سکول بڈگام میں 20 مارچ بعد از نماز مغربین منعقد کیا جارہا ہے۔21 مارچ 2019 کو مرکزی امام باڑہ بڈگام میں یوم ولادت حضرت علی ابن ابیطالبؑ کے سلسلے میں محفل پرنور منعقد ہوگی۔