جے یو پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ دہشتگردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کی اسلام اور پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں، عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ کریں گے، جانوں کی قربانی دے کر بھی نظام مصطفی کا نفاذ اور مقام مصطفی کا تحفظ ہی ہماری سیاسی جدوجہد کا محور ہے۔
اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جمعیت علما پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ فائزہ نقوی نے مولانا عبدالستار خان نیازی کے 18ویں یوم وفات کی مناسبت سے مجاہد ملت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرحوم رہنما کی سیاسی اور مذہبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا عبدالستار خان نیازی کی سیاست اور ان کا طرز عمل عاشقان مصطفی کیلئے قابل تقلید ہے اور جمعیت علماء پاکستان نیازی ہمیشہ ان کے نقش قدم پر چلتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کی اسلام اور پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں، عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ کریں گے، جانوں کی قربانی دے کر بھی نظام مصطفی کا نفاذ اور مقام مصطفی کا تحفظ ہی ہماری سیاسی جدوجہد کا محور ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ افواج پاکستان کی ملک کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ افغانستان سے دہشت گردوں کے حملے کو بھی پاکستانی فوج نے ناکام بنایا ہے اور جو باڑ افغانستان بارڈر پر لگائی جا رہی ہے خوش آئند ہے، اس سے دہشتگردی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ مولانا عبدالستار نیازی کا طرز سیاست ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور ہم ان کی تحریک ختم نبوت کے اصولوں پر پہرا دیں گے، مولانا عبدالستار نیازی اور شاہ احمد نورانی جیسے لیڈر پھر نظر نہیں آئے۔