بریکس گروپ کے رکن ممالک کے نائب وزرائے خارجہ نے شام کے قومی اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ایک بار پھر پرامن طریقے سے اور خود شامیوں کے ذریعہ بحران شام کے حل کی ضرورت پر زور دیا ہے- اطلاعات کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے بریکس کے نائب وزرائے خارجہ کے اجلاس کے نتائج کے بارے میں ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس گروپ کے نائب وزرائے خارجہ نے شام میں بحران جاری رہنے، بدتر انسانی حالات اور دہشت گردی کے بڑھتے خطرے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے- بیان میں شام کے قومی اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت اور شامیوں کے ذریعہ بحران کے شام کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے- بریکس کے نائب وزرائے خارجہ نے جنیوا ایک کے بیان کی بنیاد پر وسیع مذاکرات کے ذریعے شام کے بحران کا سیاسی و سفارتی حل تلاش کئے جانے کا بھی مطالبہ کیا اور گزشتہ جنوری اور اپریل میں ماسکو میں ہونے والے شامیوں کے دو مشاورتی اجلاسوں نیز شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن دمستورا کی کوششوں کو مثبت قراردیا ہے- بریکس کے نائب وزرائے خارجہ نے یمن کے حالات کے بارے میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ یمن کو انسانی المیے کا خطرہ لاحق ہے، یمن میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا- اس بیان میں یمن کے تمام گروہوں کے لئے جنیوا کانفرنس کے انعقاد کا خیر مقدم بھی کیا گیا-
source : abna