میانمار کے ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ رواں سال جنوری کے مہینے سے اب تک ڈینگو بخار کے نتیجے میں ساٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں-
رپورٹ کے مطابق میانمار کے ذرائع ابلاغ نے اس ملک کی وزارت صحت کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ رواں سال میں دس ہزار سے زائد افراد ڈینگو بخار میں مبتلا ہوئے ہیں اور یہ تعداد گذشتہ سال کی تعداد سے دوگنا زیادہ ہے- اس رپورٹ کے مطابق پورے میانمار میں روزانہ تقریبا دو سو سے ڈھائی سو افراد ڈینگو بخار میں مبتلا ہو رہے ہیں-میانمار کی وزارت صحت کے ایک عہدیدار نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ اس بیماری کی روک تھام کے لئے انجام پانے والے اقدامات کے باوجود، اس بیماری میں مبتلا افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے- اس عہدیدار نے برسات کے موسم میں اس بیماری کی روک تھام کے لئے مزید موثر اقدامات عمل میں لائے جانے کی ضرورت پر زور دیا- واضح رہے کہ میانمار میں ڈینگو بخار کا پہلی بار انیس پینسٹھ میں پتہ لگایا گیا اور انیس سو چورانوے میں اس بیماری کے سبب چار سو چوالیس ہلاکتیں ہوئی تھیں- دو ہزار نو میں اس بیماری میں بیس ہزار سے زائد افراد مبتلا ہوئے تھے-
source : abna