سرینگر میں وکلاء نے یعقوب میمن کو پانسی دینے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اس عمل کو جمہوریت کا قتل قرار دیا گیا۔ اس دوران پلوامہ میں بھی اس پھانسی کے خلاف احتجاج درج کیا گیا۔ بمنہ کورٹ میں لائرس کلب کشمیر سے وابستہ وکلا نے بعد از دوپہر احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے دوران اس پھانسی کو غیر معقول قرار دیا گیا۔ لائرس کلب سے وابستہ وکلاء نے اگرچہ کورٹ سے باہر جانے کی کوشش کی تاہم ان کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا گیا جس کے بعد احتجاجی وکلاء نے عدالت کے احاطے میں ہی دھرنا دیا۔ اس موقعہ پر لائرس کلب کے چیئرمین ایڈوکیٹ بابر جان قادری نے کہا کہ یعقوب میمن کو پھانسی دینے میں عجلت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پھانسی کی سزا یافتہ فہرست میں یعقوب میمن کا نمبر بھی پیچھے تھا تاہم اس کے باوجود انہیں سیاسی ووٹ بنک کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یعقو ب میمن کو اس لئے تختہ دار پر لٹکایا گیا تاکہ فرقہ پرستوں کو خوش کیا جائے جبکہ کئی ایک ریاستوں میں آنے والے انتخابات کیلئے ووٹ بٹورے جائے۔ میمن کی پھانسی کو جمہوریت کا قتل قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محمد افضل گورو کے بعد یعقوب میمن کو بھی آخر ووٹ بنک کی سیاست کی نذر کیا گیا۔ ایڈوکیٹ بابر جان قادری نے سوالیہ انداز میں پوچھا کہ آنجہانی راجیو گاندھی اور بینت سنگھ کے قاتلوں کا کیا ہوا اور ایک مسلمان کو ہی کیوں تختہ دار پر چڑانے کی عجلت تھی۔ اس دوران جنوبی ضلع پلوامہ میں بھی یعقوب میمن کو تختہ دار پر چڑانے کے خلاف لائرس کلب سے وابستہ وکلاء نے احتجاج کیا اور اپنی ناراضگی درج کی۔ ادھر کولگام میں احتجاجی مظاہرے ہوئے اور خشت باری کے واقعات پیش آئے۔ کشمیر میں جمعرات کی صبح جب لوگوں نے یہ خبر سنی کہ یعقوب میمن کو جیل میں پھانسی دی گئی تو نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرے کئے۔ احتجاجی نوجوانوں نے مین چوک اور قاضی گنڈ اڈے میں گاڑیوں اور دکانوں پر پتھراﺅ کیا جس کے بعد یہاں دکانات بند ہوئے۔ تاہم بعد میں حالات معمول پر آگئے اور دکانیں اور کاروباری ادارے دوبارہ کھل گئے۔ گورنمنٹ ڈگری کالج کولگام سے سینکڑوں طلباء نے احتجاجی جلوس نکالا اور یعقوب میمن کو سزائے موت دینے کے خلاف نعرے لگائے۔
source : abna