
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں ایران ہندوستان پارلیمانی دوستی گروپ کے سربراہ جواد جہانگیرزادہ نے تہران میں ہندوستانی سفیر شری واستو سے ملاقات میں کہا کہ دونوں ملکوں کے تاریخی روابط بالخصوص ثقافتی تبادلے نے ہمیشہ ہی دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ اور استحکام کے لئے راہ ہموار کی ہے- ایران ہندوستان پارلیمانی دوستی گروپ کے سربراہ نے اس ملاقات میں کہا کہ دونوں ممالک سیاسی، علاقائی اور بین الاقوامی شعبوں میں مشترکہ نظریات کے حامل ہونے کے باعث مختلف میدانوں میں دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے بہت زیادہ مواقع رکھتے ہیں جن کے بارے میں منصوبہ بندی کرکے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے- جواد جہانگیری نے علاقائی، اقتصادی اور صنعتی شعبوں میں ایران اور ہندوستان کے درمیان تعاون کو دونوں ملکوں کی قوموں اور تمام علاقائی ملکوں کے مفاد میں قرار دیا اور کہا کہ ایران اور ہندوستان کے تعلقات میں استحکام، علاقے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام میں مدد فراہم کر سکتا ہے- اس ملاقات میں تہران میں ہندوستان کے سفیر نے بھی دو طرفہ تعلقات بالخصوص اقتصادی شعبے میں دوستانہ روابط کو فروغ دیئے جانے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کی پارلیمانوں میں تعاون مختلف شعبوں بالخصوص اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے-
source : abna