عبدالحفیظ پیرزادہ کو کچھ عرصہ پہلے معدے کی تکلیف کے باعث لندن کے قریب رائل برک شائراسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں وہ انتقال کر گئے۔ان کی عمر بچھتر برس تھی۔ ان کا تعلق سندھ کے بااثر خاندان سے تھا اوران کے والدعبدالستار پیر زادہ سندھ کے وزیر اعلی رہ چکے ہیں۔
عبدالحفیظ پیرزادہ پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھی اور ان کے قانونی مشیر تھے اور ذوالفقارعلی بھٹو کے مقدمے میں وکیل بھی رہے۔ وہ انیس سو ستر میں پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور وفاقی وزیر کی حثیت سے بھی کام کیا۔ ایک عرصے تک سیاست میں رہنے کے بعد انہوں نے سیاست کو خیرباد کہہ کر اپنی پیشہ ورانہ زندگی پرتوجہ دی۔
انیس سو تہتر کے آئین کی تیاری میں بھی ان کا کردار اہم مانا جاتا ہے۔عبدالحفیظ پیرزادہ نے قومی اہمیت کے کئی مقدمات کی پیروی کی۔ وہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے انکوائری کمیشن کی کارروائی کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے وکیل تھے۔
source : abna