اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہر کرگل میں عاشورہ حسینی کی مناسبت سے پورا شہر حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپکے اصحاب پر گریہ و ماتم کناں تھا اور اس دوران کرگل کا قریہ قریہ یا حسین یا حسین کی صداوں سے گونج رہا تھا ۔ عاشور کی صبح ہی سے مختلف امام بارگاہوں اور عزاخانوں میں مجالس بر پا ہوئیں ۔ اس دوران کرگل قصبہ میں ملحقہ علاقوں سے عزادار ماتمی دستوں کی شکل میں جمع ہوئے ۔ یہ ماتمی جلوس امام خمینی میموریل ٹرسٹ اور انجمن جمعیت العلما اثنا عشریہ کرگل کی زیر نگرانی اپنے مقررہ راستوں سے رواں دواں تھے۔ اس دوران مختلف سماجی اور سرکاری انجمنوں کی جانب سے چاہئے، قہوہ اور پانی کی سبیلیں بھی لگائی گئی تھیں ۔ جبکہ عزاداروں کی خدمت اور تحفظ کے لے محکمہ صحت اور محکمہ پولیس کو بھی الرٹ رکھا گیا تھا ۔
اس موقعہ پر عزادار سینہ زنی و نوحہ خوانی کر رہے ہیں ۔ ادھر امام خمینی میموریل ٹرسٹ کی جانب سے برآمد کئے جا رہے جلوسوں میں عزادار ان امام حسین بحرین، شام، عراق، فلسطین کے مظلوموں کے ساتھ ساتھ یمن اور کشمیر کے مظلومین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نعرئے بلند کئے اور عالمی اسکتبار سے اپنی نفرت کا اعلان کیا ۔
اس دوران حسینی پارک میں اجتماعی زیارت عاشورہ کے بعد عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین امام خمینی میموریل ٹرسٹ شیخ محمد حسین لطفی نے کہا کہ عاشورہ اپنے زمانہ کے یذیدوں کو پہنچاننے کا دن ہے اور اپنے زمانہ کے حسین کے ساتھ تجدید عہد کا موقعہ ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح یذید بھی کلمہ پڑتا تھا اسی طرح آج آل سعود بھی خادمین حرمین شریفین بن کر مسلمان اقوام پر امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ ملکر حملے کر رہا ہے ۔
یمن میں آل سعود کی بمباری اور افغانستان کے شہر کابل میں عزاداروں پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ اس دوران انہوں نے بحرین ، شام عراق اور فلسطین کے ساتھ بھی یکجہتی کا اعلان کیا ۔
وادی کشمیر کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے شیخ حسین لطفی نے ریاستی و مرکزی سرکاری پر کشمیر میں قیام امن کے لئے کوئی ٹھوس اقدام نہ اٹھا ئے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم آج عاشورہ کے روز بھی کہہ دیتے ہیں کہ ہم کشمیر کے ساتھ تھے اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے ۔
ادھر سانکو، سورو، سلیسکوٹ ، چکتن ، دراس اور ضلع لیہہ سے بھی عاشورہ حسینی کے ماتمی جلوس برآمد کئے جانے کی خبر ہے ۔ اطلاع کے مطابق ہزاروں مسلمانوں نے امام حسین علیہ السلام اور آپکے با وفا ساتھیوں پر ماتم کرتے ہوئے نوحہ و گریہ کر رہے ہیں ۔