آیت اللہ العظمیٰ جوادی آملی نے عقیدہ مہدویت کے زیر عنوان قم میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: دنیا کے تمام مکاتب فکر منجی عالم بشریت کے ظہور کے منتظر ہیں۔
عالم تشیع کے مرجع تقلید نے کہا: امام زمانہ (عج) زمین پر اللہ اور اس کے رسول کے خلیفہ ہیں لیکن یہ خلافت دوسری خلافتوں سے مختلف ہے۔
انہوں نے مزید کہا: امام زمانہ (عج) کے پاس تمام علوم، لدنی اور شہودی ہیں لہذا وہ تمام امور سے آگاہی رکھتے ہیں، امام کے لیے دعا کرنا اور ان کی سلامتی کے لیے صدقہ دینا ہماری ذمہ داریوں میں سے ہے۔
انہوں نے ہر میدان میں عوام کی موجودگی کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ سماج اس وقت صالح بن سکتا ہے جب لوگ میدان میں آئیں اور عمل کریں یہ طے نہیں ہے کہ معاشرہ معجزے سے درست ہو لوگوں کو اپنے معاشرے کی اصلاح کے لیے اقدام کرنا ہو گا۔
جہان تشیع کے مرجع تقلید نے کہا: جب تک لوگوں کے اندر شعور نہیں آئے گا میدان میں حاضر نہیں ہو سکتے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم لوگوں کے اندر شعور پیدا کریں اور اپنے مدرسوں اور یونیورسٹیوں میں اس چیز پر کام کریں۔
آیت اللہ العظمیٰ جوادی آملی نے انسان کی خصوصیات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: عصر ظہور میں انسان کا کردار عقل و منطق کی بنیاد پر ہو گا اور اس دور میں انسان کی عقل مکمل ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا: منجی کے ظہور پر تمام ادیان عقیدہ رکھتے ہیں کاش پاپ نے امام مہدی(عج) کو پہچانا ہوتا تو وہ خود ہی عقیدہ مہدویت پر منعقدہ کانفرنس میں اپنا پیغام بھیجتا۔
واضح رہے کہ عقیدہ مہدویت پر ہر سال پندرہ شعبان کو اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے تعاون سے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں دیگر ممالک کے مفکرین کو بھی دعوت دی جاتی ہے۔