کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزارت داخلہ نے کہا کہ ایک بڑے دہشت گردانہ منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا ہے جس کے تحت عراق میں مقدس مقامات اور بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی کے گھرکو نشانہ بنایا جانا تھا -
السومریہ نیوز ایجنسی کے مطابق عراقی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردوں نے نجف، کربلا اور سامرا میں آئمہ اطہار علیھم السلام کے روضوں اور بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کے گھر پر حملہ کرنے کا ناپاک منصوبہ تیار کیا تھا -
عراقی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اس دہشت گردانہ منصوبے کا مقصد ملک میں مسلکی اختلافات اور جنگ کی آگ بھڑکانا اور داعش کی بھاری شکست پر پردہ ڈالنا تھا -
دریں اثنا عراقی وزارت داخلہ میں انٹیلیجنس اور انسداد دہشت گردی شعبے کے سربراہ ابوعلی البصری نے کہا ہے کہ داعش کے عناصر اپنے اس منصوبےکو دسیوں کار بموں اور غیرملکی خودکش دہشت گردوں کے ذریعے عملی جامہ پہنانا چاہتے تھے اور وہ مذکورہ صوبوں اور علاقوں میں ہتھیار اسمگل کرنےکے لئے اسمگلروں کا سہارا لے رہے تھے -
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے اس منصوبے سے وزیر اعظم حیدر العبادی کو آگاہ کیا گیا اورعراق کی مشترکہ افواج اور فضائیہ کی ہم آہنگی سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جو مقدس مقامات اور صوبہ بصرہ کی جانب روانہ ہوا چاہتے تھے