آئی ایس او کراچی:
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی اور ڈویژنل رہنماؤں نے کہا ہے کہ جمعۃ الوداع یوم القدس کے عنوان سے منایا جائے گا جبکہ مرکزی القدس ریلی نمائش تا ریگل چوک تک نکالی جائے گی۔موصولہ رپورٹ کے مطابق آئی ایس او پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر رحمان شاہ، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری علی عابدی اور محمد علی نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینی رضوان اللہ علیہ نے جمعۃ الوداع کو یوم القدس منانا مسلمانوں پر واجب قرار دے کر امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور یگانگت کے فروغ کے لئے عملی کردار ادا کیا لہذٰا امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ہر سال پاکستان میں جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے عنوان سے مناتی ہے اور اس سال بھی 23رمضان المبارک کو دنیا بھر میں بافرمان امام خمینی رحمۃاللہ علیہ عالمی یوم القد س منایا جائے گا، لہذا پاکستان میں امام خمینی رضوان اللہ علیہ کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے آئی ایس او پاکستان مظلوم فلسطینوں سے اظہار ہمدردی اور بیت المقدس کی آزادی کے حوالے سے عوامی بیداری کے لئے لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور، سکھر، حیدرآباد سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں القدس کانفرنسز، آزادی قدس ریلیوں اور مظاہروں کا اھتمام کرے گی۔ جبکہ مرکزی آزادی القدس ریلی 23 رمضان المبارک بروز جمعہ نمائش تا ریگل چوک تک نکالی جائے گی جس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام خطاب فرمائیں گے جبکہ خصوصی طاغوت شکن خطاب امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر برادر عادل بنگش کریں گے۔
رہنماؤں کاکہنا تھا کہ ملک خدادا پاکستان دنیا کہ بدترین سیلاب سے دوچار ہے،جو کہ یقینا تمام پاکستانیوں کے لئے غم کا لمحہ ہے، ایسے میں آئی ایس او پاکستان جو کہ گذشتہ کئی دہائیوں سے ملک خدادا پاکستان کی نظریاتی اور جعغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لئے کمر بستہ ہے اور ا س مشکل وقت میں بھی میدان عمل میں آئی ہے، اور اپنے تمام وسائل استعمال کرکے اپنے پاکستانی اور ایمانی بھائیوں کی امداد اور ریلیف کے لئے کوشاں ہے۔ اس سلسلے میں آئی ایس او پاکستان کی جانب سے ملک بھر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں بھکر، لیہ، ڈیرہ اسماعیل خان، سندھ کے مختلف اضلاح اور گلگت بلتستان میں ریلیف کیمپ قائم کر چکی ہے، اس کے ساتھ ہی آئی ایس او پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ 21رمضان یوم شہادت امام علی علیہ السلام کے سلسلے میں نکلنے والے تمام چھوٹے بڑے جلوسوں کے دوران سیلاب زردگان کے لئے ایک مہم کے تحت امداد جمع کی جائے گی ،چونکہ وقت کا تقاضہ یہ ہے کہ ہم اپنا فریضہ ادا کریں اور بحثیت طلبہ تنظیم آئی ایس او اپنا فریضہ ادا کررہی ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ امداد کی آڑ میں امریکی آرمی کاپاکستانی میں سر حدو ں میں داخل ہونا ایک لمحہ فکریہ ہے،کہیں ریلیف کی آڑ میں امریکہ اپنے عزائم کی تکمیل کے لئے تو پاکستان میں نہیں آرہا؟۔لہذا آپ صحافی حضرات سے درخواست ہے کہ اس مسئلہ کو باریک بینی سے دیکھیں اور امریکی عزائم کا پردہ فاش کریں،ساتھ ہی حکومت وقت سے بھی مطالبہ ہے کہ اس بات کو نوٹس لیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان 22 تا 27رمضان المبارک بافرمان شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی رضوان اللہ علیہ "ہفتہ قرآن" کے عنوان سے منائے گی اس سلسلے میں ملک بھر میں قرآن فہمی کے حوالے سے پروگرامات منعقد ہونگے،جبکہ 22رمضان المبارک کو ایک قرآن کانفر نس و اجتماعی اعمالِ شب ِ قدر بامقام :کیھتولک گراؤنڈ نزد عزا خانہ زہرا سلام اللہ علیہا سولجر بازار میں منعقد ہونگے۔
|
source : http://www.abna.ir/data.asp?lang=6&id=201946