بحرینی فوجیوں نے دارالحکومت منامہ کے نزدیک مظاہرین پر حملہ کرکے کئی مظاہرین کوزخمی کردیا۔
اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے دارالحکومت منامہ کے قریب واقع کئي علاقوں میں منگل کے دن جمعیت اسلامی الوفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان کی حمایت میں مظاہرے ہوئے۔
مظاہرین، آل خلیفہ حکومت کے ہاتھوں شیخ علی سلمان اور دوسرے بحرینی اپوزیشن لیڈروں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری رکھنے کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔
آل خلیفہ کے سیکورٹی اہلکاروں نے مظاہرین پر فائرنگ کی اور آنسوگیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔ بعض زخمیوں کی حالت نازک بتائي جاتی ہے۔
بحرینی عوام، اٹھائیس دسمبر دوہزارچودہ کو جمعیت اسلامی الوفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان کی گرفتاری کے بعد سے روزانہ احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں۔
شیخ علی سلمان کے وکیلوں کے بقول ، بحرین کے اٹارنی جنرل نے شیخ علی سلمان پر طاقت کے بل پر حکومت تبدیل کرنےکا پروپیگنڈہ کرنے، معاشرے کے ایک طبقے میں نفرت پیدا کرنے اور وزارت داخلہ کے قانون کی خلاف ورزی اور توہین کا الزام لگایا ہے۔ شیخ علی سلمان نے ان تمام الزامات کو مسترد کریا ہے۔
source : www.abna.ir