فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق مصری عدلیہ نے مصر کے معزول صدر محمد مرسی کے مقدمے کی سماعت کرنے والے ایک جج کے محافظ کو قتل کرنے کے الزام میں دس افراد کے لئے سزائے موت کا حکم سنایا ہے- مصری عدلیہ کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ جمعرات کو جاری ہونے والے اس عدالتی فیصلے کو، توثیق کے لئے مصر کے مفتی اعظم کے پاس بھیجا جائے گا- اس مصری عہدیدار کے مطابق اس کے بعد اسے اپیل کورٹ میں بھیجا جائے گا جسے اس سزا کو باقی رکھنے یا اس میں کمی کرنے کا اختیار ہو گا- اپیل کورٹ سترہ ستمبر کو تشکیل پائے گی- سترہ ستمبر کو مصری عدلیہ اس کیس کے مزید چودہ ملزموں کے خلاف اپنا فیصلہ جاری کرے گی- قابل ذکر ہے کہ مصر کے معزول صدر محمد مرسی کے کیس کی سماعت کرنے والے ایک جج کی سیکورٹی ٹیم کے رکن عبد اللہ متوالی کو فروری دو ہزار چودہ میں جنوبی قاہرہ میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا- واضح رہے کہ مصر میں محمد مرسی کے خلاف ہونے والی بغاوت کے بعد سے اب تک ان کے ہزاروں حامیوں کو گرفتار اور سیکڑوں افراد کو نہایت عجلت میں سزائے موت کا حکم سنایا جا چکا ہے جس کے سلسلے میں اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ عصر حاضر کی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی-
source : abna