سرینگر/ شہید ملت میرواعظ مولوی محمد فاروق، شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون، شہدائے حول کو ان کی برسی پر شاندار خراج پیش کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے میرواعظ خانوادے کو تحریک حق خود ارادیت کی علامت سے تعبیر کیا اور اس خانوادے کی تحریکی و دینی خدمات کو ایک کھلی کتاب قرار دیا۔ آغا صاحب نے کہا کہ شہید ملت مولوی محمد عمر فاروق دین و سیاست کے امتزاج کے بہترین نمونہ تھے جنہوں نے ملت کشمیر کی دینی رہنمائی کے ساتھ ساتھ ملت کشمیر کی سیاسی رہنمائی کرکے حق خود ارادیت کے نعرہ کو ان حالات میں بھی زندہ رکھا جب مسئلہ کشمیر کو سرد خانے کی نذر کرکے کشمیریوں کو سیاسی غفلت کی نیند سلانے کیلئے تعمیر و ترقی کی لوریاں سنائی جارہی تھی۔ شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون کی قائدانہ صلاحیتوں اور انتھک تحریکی خدمات کو یاد کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ موصوف کی کمی کو مدت دراز تک محسوس کیا جائے گا۔ شہید ملت کے جلوس جنازہ پر بھارتی فورسز کی درندانہ فائرنگ اور تاریخ کشمیر کا ناقابل فراموش خونی باب قرار دیتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ کشمیر محکوم قوم اپنے شہداء کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنی جہد مسلسل کو ہر قیمت پر جاری رکھیں گے اور یہی شہداء کے تئیں بہتریں خراج عقیدت ہے۔ ریاست جموں و کشمیر میں پنڈت کالونیوں ، سینک کالونیوں ، رفیوجی کالونیوں وغیرہ کے قیام کو ایک جارحانہ منصوبے کی کڑیاں قرار دیتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ ریاست میں انتہا پسند اور فرقہ پرست ہندو تنظیموں کے ایجنڈے کو عملانے کیلئے موجودہ حکومت ہند کمر کس چکی ہے۔ نئی اقتصادی پالیسی کسی بھی طور پر ریاست کی خصوصی پوزیشن کے مفاد میں نہیں۔ آغا صاحب نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ریاست میں پہلے سے ہی قائم اہم تعلیمی و تکنیکی اداروں کے نام بدل کر ریاست کی خصوصی پوزیشن کے ساتھ واضح کھلواڑ کیا جارہا ہے۔ آغا صاحب نے کہا کہ اس طرح کے منصوبوں سے کشمیری قوم کا مستقبل اور بھی مخدوش ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئینی طور پر ریاست کو حاصل خصوصی پوزیشن کو براہ راست ختم کرنے میں ناکامی کے بعد حکومت ہند اب اس طرح کے گھناونے منصوبوں پر اتر آئی ہے ۔آغا صاحب نے کشمیری عوام کو ایسے جارحانہ منصوبوں سے خبر دار رہنے کی ضرورت پر زور دیا
source : abna24