عراق کے شہر نجف اشرف اور کوفہ میں کل بروز جمعرات مورخہ ۱۴ ستمبر ۲۰۱۷ سے گیارہواں بین الاقوامی غدیر میڈیا فیسٹیول کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس میں دنیا کے کئی ممالک کے میڈیا اداروں کی شرکت متوقع ہے۔
اس فیسٹیول میں عالم اسلام کو درپیش مختلف مسائل پر سیمینار کا انعقاد بھی کیا جائے گا جبکہ ذرائع ابلاغ کے عہدیداروں کے لیے تعلیمی کیمپس بھی رکھے جائیں گے جن میں عراق کے علاوہ مختلف ممالک کی اہم شخصیات خطاب کریں گی۔
اس فیسٹیول کے دو اہم حصے ہوں گے ’’نمائش‘‘ اور ’’فلم مارکٹ‘‘۔ شرکت کرنے والے ذرائع ابلاغ دنیا کے حالات و واقعات کے بارے میں تازہ ترین محصولات منجملہ ویڈیو کلیپس نمائش میں پیش کریں گے۔
خبر رساں ایجنسی اہل البیت(ع) کی شرکت
غدیر فیسٹیول میں اس سال پہلی مرتبہ نیوز ایجنسیوں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے جس بنا پر خبر رساں ایجنسی ابنا بھی اس فیسٹیول میں شرکت کرے گی۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی غدیر میڈیا فیسٹیول ہر سال الغدیر عالمی چینل کی جانب سے نجف اشرف میں منعقد کیا جاتا ہے جس میں آستانہ مقدس علوی اور اسلامی ریڈیو ٹی وی یونین اپنا تعاون پیش کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ دنیا کے مختلف ممالک منجملہ، ایران، افغانستان، جرمنی، الجزائر، عرب امارات، یوکراین، برطانیہ، بیلجئم، تیونس، روس، شام، عراق، عمان، کویت، فرانس، لبنان، مراکش، مصر، ہندوستان اور یمن کے ۲۰۰ سے زیادہ میڈیا سنٹر بین الاقوامی غدیر میڈیا فیسٹیول میں شرکت کریں گے۔