اسلامی تعاون تنظم کے سربراہ احسان اوغلو نے ایک بیان جاری کرکے امریکہ کے عیسائي پادری ٹیری جونز کے توہین آمیز اقدام کو غیر انسانی اقدام قرار دیا اور تاکید کی کہ اسلامی مقدسات کی بےحرمتی کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہیے۔ احسان اوغلو نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ اسلامی مقدسات کی توہین کا سدباب کرنے کے لئے موثر اقدامات کرے۔
ادھر حزب اللہ لبنان نے بھی امریکہ کے ایوانجیلیکل پادری ٹیری جونز کے ہاتھوں قرآن مجید کی بےحرمتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسلامی مقدسات کی توہین کرنے کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے۔ حزب اللہ لبنان نے ایک بیان میں قرآن کریم کی بے حرمتی اور انٹرنیٹ پر اس کی تصویریں نشر کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ امریکہ کے پلید پادری ٹیری جونز نے منصوبہ بندی کے تحت اس جرم کا ارتکاب کیا ہے اور اس کا مقصد مغربی قوموں کو اسلام سے متنفر کرنا ہے۔ حزب اللہ لبنان نے اس مجرمانہ اقدام پر امریکہ اور دیگر ملکوں کے حکام کی خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت قرآن کی بےحرمتی کی ذمہ دار ہے۔
قابل ذکر ہے امریکہ کے عیسائي پادری ٹیری جونز نے گذشتہ مارچ میں بھی قرآن کریم کو نذرآتش کرکے اس کی توہین کرنے کی دھمکی دی تھی تاہم اس بار اس نے کچھ تصویروں کے ہمراہ قرآن مجید کو نذر آتش کردیا۔ اس نے دعوی کیا ہےکہ یہ تصویریں پیغمبر اسلام کی تصویریں تھیں۔
source : http://www.abna.ir