|
ابنا: راولپنڈی میں کشیدہ صورتحال کے باعث کرفیو نافذ کر دیا گیا اسلام ٹائمز۔ راولپنڈی میں کشیدگی کےباعث شہر کے 19 تھانوں کی حدود میں آج رات بارہ بجے تک کرفیو نافذ کر دیا گیا، وزیر اعلی پنجاب نے شرپسندوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ راولپنڈی میں یونیورسٹیوں کے آج ہونے والے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ راولپنڈی میں فائرنگ میں ہلاکتوں کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ڈپٹی کمشنر اور آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم بھی دیا۔ اس واقعے کے بعد علماء نے کمشنر خالد مسعود سے ملاقات کی اور واقعے کی عدالتی تحقیقات کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔ شہر کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر رات بارہ بجے پنجاب حکومت نے کمشنر راولپنڈی کی درخواست پر راول ٹاؤن اور پوٹھوہار ٹاؤن کے 19 تھانوں کی حدود میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کرفیو امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے لگایا، جلد اٹھا لیا جائے گا۔ دوسری جانب شہر کے بیشتر علاقوں میں فوج کا گشت جاری ہے۔ اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ موبائل فون سروس بھی بند رہے گی۔ یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے آج ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔