۔ رہبر معظم انقلاب کے مشیر ڈاکٹر علی ولایتی نے تکفیری ٹولیوں کے انسان مخالف اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: یہ اقدامات عالم اسلام اور مسلمین کے لیے شدید نقصان دہ ہیں۔
تکفیریت کے خلاف قم میں منعقد ہوئی دو روزہ عالمی کانفرنس میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ تکفیری ٹولیوں کے بھیانک اقدامات نے دنیا میں اسلام کا چہرہ مسخ کر دیا ہے اور کہا: یہ تفکر باہر سے عالم اسلام میں داخل ہوا ہے اور یہ مسلمانوں اور اسلامی ممالک کے خلاف دشمنوں کی سازشوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ان سازشوں کا مقصد مسلمانوں کے درمیان دراڑ پیدا کرنا ہے اور دشمن ان اقدامات کے ذریعے اسلام کا چہرہ بگاڑنے کی کوشش میں ہیں وہ اس کام کو تکفیری ٹولیوں کے جرائم کی تصویریں پوری دنیا میں شائع کر کے بخوبی انجام دے رہے ہیں جو طول تاریخ میں انوکھا کام ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر نے تکفیریت کے خلاف منعقد ہوئی اس عالمی کانفرنس میں عالم اسلام کے سنی علماء کی شرکت کو اہم گردانا اور کہا: اس کانفرنس میں شرکت کرنے والے تمام علمائے اسلام تکفیری ٹولے کو اسلام سے خارج اور مسلمانوں کے لیے ضرر رساں سمجھتے ہیں اور اس بات کے معترف ہیں کہ تمام مسلمان مل کر ہی اس مشکل کو حل کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر ولایتی نے آخر میں کہا: یہ کانفرنس بیدار مسلمانوں کے عام افکار کو نورانی کرنے میں اہم رول ادا کرے گی اور غیر مسلمان بھی یہ جان لیں کہ عالم اسلام کے برجستہ علماء کی نگاہ میں اس تکفیری ٹولے کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے
source : www.abna.ir