یمن کے المسیرہ چینل کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے بدھ کی رات کو کم از کم نو مرتبہ یمن کے شمالی شہر صعدہ اور اس کے اطراف کے علاقوں پر بمباری کی ہے۔ صوبہ صعدہ کے ضحیان علاقے پر آل سعود کی بربریت کے نتیجے میں آٹھ عام شہری شہید ہو گئے۔ اسی طرح سعودی فوجیوں نے اپنے حملے جاری رکھتے ہوئے العین الحارہ علاقے سے پندرہ میزائل یمن کے سرحدی علاقوں المنزالہ اور المدافن پر فائر کیے ہیں۔ سعودی بحری بیڑے نے بھی صوبہ حجۃ میں ایک اسپتال پر متعدد میزائل داغے ہیں۔ دوسری جانب سعودی طیاروں نے یمن میں دہشت گرد گروہ القاعدہ اور اصلاح پارٹی کے جنگجوؤں کے لئے جبل حبشی میں ہتھیار گرائے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب علاقے کے بعض عرب ملکوں اور امریکہ کی حمایت سے چھبیس مارچ سے یمن پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے کہ جن میں اب تک تین ہزار سے زائد یمنی شہری شہید اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں
source : abna