صوبے ارزگان کے پریس آفس نے جمعے کے روز ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ طالبان گروہ نے گذشتہ دو روز کے دوران صوبے ارزگان کے صدر مقام ترین کوٹ اور صوبے کے دیگر شہروں ارزگان خاص، شہید حساس اور دہراوود میں پولیس چوکیوں پر حملے کئے ہیں۔ بیان کے مطابق ان حملوں میں سات سیکورٹی اہلکار ہلاک اور سات زخمی ہوگئے۔ صوبے ارزگان کے پریس آفس کے بیان کے مطابق پولیس چوکیوں پر ہوئے حملوں کے بعد افغان فوجیوں اور طالبان کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جن میں طالبان گروہ کے دسیوں افراد ہلاک و زخمی ہوگئے۔ صوبے ارزگان کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ جو علاقے، طالبان گروہ کے حملوں کا نشانہ بنے ہیں وہاں تازہ دم فوجی بھیج دیئے گئے ہیں اور ان علاقوں سے طالبان گروہ کا صفایا کئے جانے کی کارروائی جاری ہے۔ قابل ذکر ہے کہ صوبے ارزگان میں گذشتہ دوماہ کے دوران الگ الگ حملوں میں اس صوبے کے دو سابق اعلی پولیس افسروں کی ہلاکت کے بعد تشدد میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔
source : abna