ایران کے ادارہ اوقاف میں ولی فقیہ کے نمائندے نے قرآن کریم کے بین الاقوامی مقابلوں میں کہا: ملت ایران نے نہ کبھی کسی کو دبانے کی کوشش کی اور نہ کبھی کسی کے نیچے دبی جبکہ عالمی استکبار پوری دنیا میں اپنا تسلط قائم کرنا چاہتا ہے۔
حجۃ الاسلام و المسلمین علی محمدی نے کہا: ایران کی تاریخ میں اس بات کو تلاش نہیں کیا جا سکتا کہ ایران نے کسی ہمسائے یا مسلمان ملک پر ظلم کیا ہو۔ امام خمینی رضوان اللہ علیہ نے بھی اس بارے میں فرمایا تھا: ’’اسلام دو جملوں میں خلاصہ ہوتا ہے نہ ظلم کرو اور نہ ظلم قبول کرو‘‘۔
انہوں نے کہا: افسوس سے اس وقت عالم اسلام میں ایسے دردناک واقعات رخ پا رہے ہیں کہ عالمی استکبار مسلمانوں کے سرمائے سے اسلامی ممالک کو ویران اور مسلمانوں کو اجاڑ رہا ہے۔ یمن کے مظلوم مسلمان انہیں میں سے ایک ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا یہ کام قرآنی تعلیمات کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے؟
ادارہ اوقاف کے سربراہ نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ یمن کے مظلوم عوام ایسے ملک کے ہاتھوں ظلم کا شکار ہیں جس کے دو شہروں میں قرآن اترا ہے، یہ امید ظاہر کی کہ انشاء اللہ ایک دن ایسا آئے گا کہ یہ اسلامی ممالک بجائے قرآن کی تبلیغ کے اس پر عمل پیرا ہوں گے۔
جناب محمدی صاحب نے کہا: رہبر معظم انقلاب اسلامی نے بھی عید مبعث کے موقع پر اپنے خطاب میں فرمایا کہ اصلی دشمن امریکہ اور صیہونیت ہے اور اسلامی ممالک کے حکام کو خواب غفلت سے بیدار ہو جانا چاہیے اور ان کے دھوکے میں نہیں آنا چاہیے۔
انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ایران، قرآن کریم کے دستورات پر عمل کرتے ہوئے مظلومین عالم کی حمایت کر رہا ہے کہا: اسلامی جمہوریہ ایران جیسا کہ دنیا ساری جانتی ہے اسرائیل کے مقابلے میں غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت کرتا آ رہا ہے اور اس وقت یمن کی حمایت بھی کر رہا ہے۔
source : abna