منگل کو تہران میں حضرت رسول اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی عہدیداروں، تہران میں متعین دوسرے ملکوں کے سفیروں اور بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کے معزز مہمانوں نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں میلاد حضرت پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور یوم ولادت فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی مبارکباد پیش کرنے کے بعد فرمایا کہ آج ہمارا فریضہ صرف یہ نہیں کہ میلاد کی محفلیں منعقد کریں اور جشن منا لیں۔ آپ نے فرمایا کہ آج اسلامی دنیا کو چاہئے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سیرت طیبہ پر عمل کرتے ہوئے نیا جذبہ اور ماحول پیدا کرے اور نیا اسلامی تمدن پیش کرے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ہمارا یہ خطاب اسلامی دنیا کے علما اور مفکرین سے ہے کیونکہ مجھے عالم اسلام کے سیاستدانوں سے زیادہ امید نہیں ہے۔ آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ آج دشمن مسلمانوں کے درمیان جنگ کرانا چاہتے ہیں اور افسوس کہ وہ بعض اسلامی ملکوں منجملہ شام اور یمن کو تباہ و برباد کرنے میں کسی حد تک کامیاب بھی ہوئے ہیں۔
source : abna24