سرینگر/ شہید آغا سید مہدی الموسوی الصفوی کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت نذر کرتے ہوئے جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان نے شہید موصوف کے جذبہ خدمت خلق اور مظلوم پروری کو خراج تحسین پیش کیا۔ شہید کی سولہویں برسی کے موقعہ پر تنظیم کے اہتمام سے حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم میر گنڈ بڈگام میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں تنظیم کے کئی سرکردہ ذمہ داروں اور علمائے دین نے شہید موصوف کی خدمات کو یاد کیا۔ قبل از نماز جمعہ شہید موصوف کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد شہید موصوف کی یاد میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا۔ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور حریت کانفرنس کے سینئر رہنما حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے شہید آغا سید مہدی الموسوی الصفوی کو عقیدت کا خراج نذر کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کا جذبہ خدمت خلق اور مظلوموں کی داد رسی تمام تنظیمی اراکین و عاملین کیلئے مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ موصوف کسی بھی طور پر اقتدار سیاست کے روادار نہیں تھے لیکن عوام کے درد و کرب مصائب و مسائل نے انہیں میدان سیاست میں اترنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے اپنے جذبہ ایثار و ہمدردی سے عوام کو اپنا گرویدہ بنادیا۔ موصوف اپنے عوام پرور مشن کی تکمیل کیلئے زندگی کے آخری دم تک سرگرم عمل رہے۔ یہاں تک کہ درجہ شہادت پر فائز ہوئے۔
source : abna24