فلسطین کے علاقے خان یونس میں فلسطینی زخمی مظاہرین کو طبی امداد فراہم کرنے والی 21 سالہ فلسطینی نرس کو بھی اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے شہید کردیا ہے۔
اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کے علاقے خان یونس میں فلسطینی زخمی مظاہرین کو طبی امداد فراہم کرنے والی 21 سالہ فلسطینی نرس کو بھی اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے شہید کردیا ہے۔
اطلاع کے مطابق گزشتہ روز نماز جمعہ کے بعد فلسطین کے نہتے شہریوں کی جانب سے وطن واپسی ریلیوں کی مہم کے تحت احتجاجی مظاہرے کو اسرائیلی افواج نے طاقت کے ذریعے سبوتاژ کرنا چاہا جس کے باعث کئی فلسطینی نوجوان زخمی ہو گئے۔ زخمی نوجوانوں کو طبی امداد مہیا کرنے میں مصروف 21 سالہ نرس راضان نجر کو اسرائیلی فوج نے گولی کا نشانہ بنا کر شہید کردیا۔
گزشتہ دو ماہ سے غزہ کے حالات نہایت کشیدہ ہو گئے ہیں جس کے نتیجے میں 120 سے زائد فلسطینی شہید اور 3 ہزار کے قریب زخمی ہوگئے ہیں۔ نہتے فلسطینی 30 مارچ سے یوم الارض کے موقع پر ہر جمعہ کو غزہ کی سرحد پر اسرائیل کی جانب مارچ کرتے ہیں جس کا مقصد برسوں سے پناہ گزینوں جیسی زندگی بسر کرنے والے شہریوں کی اپنے گھروں کی باعزت واپسی ہے۔