ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب کا یوم ولادت با سعادت نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
کشمیر سے ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق مولود کعبہ کے یوم ولادت پر گزشتہ روز اتوار کو وادیٔ کشمیر کے طول و عرض میں محافل، سیمینار اور مقاصدہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ جشن مولود کعبہ کے سلسلے میں سب سے بڑی تقریب وسطی کشمیر کے ماگام علاقے میں منعقد ہوئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ یہ کانفرنس جشن مولود کعبہ اور استاد شہید مطہری کی برسی کی مناسبت سے انعقاد کی گئی جس میں ریاست و بیرون ریاست کے علماء دانشور، ماہر تعلیم اور اسکالرس نے خطاب کیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس کانفرنس میں اکثر شرکاء کی تعداد نوجوان طلباء و طالبات کے علاوہ اساتذہ حضرات کی تھی۔ کانفرنس میں تعلیم و تربیت اور اسلامی کتب بالخصوص نہج البلاغہ کی طرف نوجوان طلباء کو راغب کرنے کی غرض سے '' نشان مرد مومن '' نامی کتاب کا مقابلتی امتحان بھی لیا گیا۔ جس میں وادی کے دور دراز علاقوں سے آئے ایک ہزار کے قریب طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ کانفرنس میں ولادت باسعادت حضرت علی ابن ابی طالب کے حوالے سے مفصل روشنی ڈالی گئی۔ کانفرنس میں شامل علماء اور اسلامی اسکالرس نے انسان سازی، عصر حاضر میں نوجوان نسل کی ذمہ داریاں، موجودہ تعلیمی نظام میں اخلاقی اقدار کا احیاء اور صالح نسل کی تربیت میں معلم کا کردار جیسے اہم عناوین پر اپنے خطابات پیش کئے۔ اس موقع پر جامعہ اہلبیت نئی دہلی کے سربراہ حجتہ الاسلام والمسلمین سید محمد قاضی عسکری صاحب نے صدارتی خطبہ پیش کیا۔ اس کانفرنس میں جن دیگر علماء کرام نے مولود کعبہ اور استاد شہید مطہری کی مناسبت خطاب کیا حجت الاسلام والمسلمین مولانا علی محمد جان ، حجت الاسلام والمسلمین مولانا محمد یاسین ، حجت الاسلام والمسلمین مولانا شیخ غلام حسین متو ،حجت الاسلام والمسلمین مولانا منظور احمد ملک وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ کانفرنس میں مطہری اوپن اسکول کے طلباء نے دلچسپ تعلیمی مظاہرے بھی پیش کئے۔
دریں اثناء وادی کشمیر میں اس حوالے سے دیگر مقامات پر بھی پروگرام منعقد کئے جانے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ باغوان پورہ سرینگر میں تنظیم المکاتب کشمیر نے ایک سیمنار منعقد کیا جس میں معروف علماء اور اسکالرس نے حضرت امیر المومنین علی ابن ابی طالب کی حیات طیبہ اور کردار کے مختلف گوشوں پر خطاب پیش کئے۔ اس سیمنار میں تنظیم المکاتب سے وابستہ نونہال بچوں کے دلچسپ اور رنگا رنگ تعلیمی مظاہرے بھی دیکھنے کو ملے۔ اس کے علاوہ اتحاد المسلمین جموں کشمیر نامی تنظیم نے بھی شمالی کشمیر کے ہانجی ویرہ نامی علاقے میں جشن ولادت امام علی کی مناسبت سے ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا جس میں حجت الاسلام والمسلمین مولانا مسرور عباس انصاری نے اسلام کی عظیم اور نورانی شخصیت حضرت علی ابن ابی طالب کی زندگی کے مختلف پہلووںٔ کو اجاگر کیا۔ وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں بھی حضرت علی علیہ اسلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے محافلوں کی خبریں ابناء کو موصول ہوئیں ۔
انجمن شرعی شیعان کے اہتمام سے اس سلسلے میں امام بارگاہ بڈگام میں ایک پر وقار محفل کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ جس میں انجمن شرعی شعیان کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے حاضرین کو اپنے موعظہ حسنہ سے مستفید کیا۔ وہی نزدیک مسجد امام زماں بڈگام میں بھی محفل مولود کعبہ کے عنوان کے تحت ایک اور سیمنار کا اہتمام کیا گیا ۔جس کی صدارت حجت الاسلام والمسلمین آغا سید محمد فضل اللہ صاحب نے کی۔ محفل میں مقررین نے حضرت علی ابن ابی طالب علیہ اسلام کی زندگی کو ایک نمونہ عمل سے تعبیر کرتے ہوئے ان کی زندگی کو تمام مسلم امہ کے لئے مشعل راہ قرار دیا۔
ادھر صوبہ جموں کے ضلع پونچھ میں بھی مختلف مقامات پر جشن مولود کعبہ منایا گیا اطلاعات کے مطابق پونچھ کی تحصیل مینڈھر میں واقع مدرسہ علمیہ امام محمد باقر علیہ السلام کے زیر اہتمام مسجد فاطمہ زہرا(س) میں بھی ایک خوبصورت محفل مقاصدہ کا اہتمام کیا گیا جس میں صوبہ کے معروف شعراء نے مدح مولا میں اپنے قصائد پیش کئے اور مدرسہ علمیہ کے سربراہ حجۃ الاسلام و المسلمین سید مختار حسین جعفری نے آخری خطبہ پیش کیا۔
source : abna