یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے بحران یمن کو کنٹرول کرنے کے لئے عبوری حکومت تشکیل دینے کی خبر دی ہے-
موصولہ رپورٹ کے مطابق یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی حوثی نے اعلان کیا ہے کہ تحریک انصار اللہ ایک ایسی عبوری حکومت تشکیل دینے کی کوشش کر رہی ہے کہ جو بحران کو کنٹرول کرنے کے لئے مثبت اقدامات کے ساتھ ساتھ داخلی مسائل کو بھی کنٹرول کرے اور اغیار کی جارحیت کا مقابلہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ عبوری حکومت تمام تر نتائج کی ذمہ دار ہوگی- محمد علی حوثی نے مزید کہا کہ عبوری حکومت کی تشکیل کے لئے یمن کی مختلف پارٹیوں اور گروہوں کے ساتھ صلاح و مشورہ ہو رہا ہے- عوامی تحریک انصاراللہ اقتدار میں مشارکت پر تاکید کرتی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی من مانی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے تاکید کے ساتھ کہا کہ یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے سابق نمائندے جمال بن عمر کی نگرانی میں ہونے والے مذاکرات میں قومی کونسل، نظام حکومت اور اداروں کے خدوخال پر اتفاق رائے ہو گیا ہے اور اب اس پر عمل درآمد کے لئے قومی کانگریس سمیت تمام پارٹیوں اور گروہوں کے ساتھ گفتگو ہو رہی ہے- یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے سابق ایلچی جمال بن عمر کا کہنا ہے کہ یمن پر سعودی جارحیت سے قبل تمام سیاسی پارٹیاں اور بااثر حلقے ملک میں جاری اقتدار کے خلا کو پر کرنے پر متفق ہوگئے تھے
source : irib.ir