رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے بدھ کو نوشہر میں بحریہ کی امام خمینی (رح) کیڈٹ یونیورسٹی کی تقریب سے خطاب میں منی کے افسوسناک سانحے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے سعودی حکام کو خبردار کیا کہ مکہ و مدینہ میں دسیوں ہزار ایرانی حاجیوں کی معمولی سی توہین، اور جاں بحق ہونے والوں کے پاکیزہ جنازوں کی منتقلی کی ذمہ داری ادا کرنے میں سعودی عرب کے حکام کی کوتاہی کا سخت اور شدید جواب دیا جائے گا-
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ منی سانحے میں ایران سمیت اسلامی ممالک پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل ضروری ہے- فرانس پریس نے منی سانحے کے تناظر میں رہبر انقلاب اسلامی کے بیانات کے بارے میں ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں رہبر انقلاب اسلامی کے حوالے سے لکھا ہے کہ سعودیوں کو جان لینا چاہئے کہ مکہ و مدینہ میں دسیوں ہزار ایرانی زائرین کی معمولی سی توہین، اور جاں بحق ہونے والے حاجیوں کے جنازے ایران منتقل کرنے کی ذمہ داری پر عمل نہ کرنے کی صورت میں انھیں ایران کے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا- روئٹرز اور ایسو شی ایٹڈ پریس نے بھی رہبر انقلاب اسلامی کے بیانات میں سعودی عرب کو دیئے جانے والے انتباہات کو نمایاں طور پر کوریج دی ہے اور لکھا ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی نے خبردار کیا ہے کہ اگر سعودی عرب نے جاں بحق ہونے والے ایرانی حاجیوں کی میتیں واپس کرنے کے سلسلے میں اپنی ذمہ داری پر عمل نہ کیا تو ایران سخت اقدامات کرے گا- یاہو نیوز ویب سائٹ نے بھی رہبر انقلاب اسلامی کے بیانات کو کوریج دیتے ہوئے آپ کے بیان کے اس حصے کی جانب اشارہ کیا ہے جس میں آپ نے فرمایا ہے کہ ایران، اسلامی بھائی چارے کی روح کا پاس و لحاظ رکھنے کی بنا پر سعودی عرب کے مقابلے میں صبر و تحمل سے کام لے رہا ہے-
سی این این نے بھی رہبر انقلاب اسلامی کے بیانات کو کوریج دیتے ہوئے اپنی ایک رپورٹ میں سعودی عرب کو ایران کی جانب سے سخت اور شدید جواب دیئے جانے کے انتباہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ منی سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کی میتیں فورا واپس نہ کئے جانے پر ردعمل ہے- اے بی سی نیوز نے بھی اپنے بلیٹن کے ایک حصے کو ان ایرانی حجاج کی میتوں کی فوری منتقلی کے سلسلے میں سعودی عرب کو رہبر انقلاب اسلامی کے انتباہات سے مختص کیا ہے کہ جو حج ابراہیمی کے انتظامات سنبھالنے میں سعودی عرب کی بد انتظامی اور نااہلی کی بھینٹ چڑھے ہیں- شین ھوا نیوز ایجنسی نے بھی لکھا ہے کہ آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے منی کے دلخراش سانحے میں زخمیوں کی مدد کے حوالے سے سعودی عرب کے حکام کی نااہلی پر تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ سعودی عرب نے مناسک حج کے دوران ہونے والے حادثے کے زخمیوں کے سلسلے میں اپنی ذمہ داری پر عمل نہیں کیا ہے- منی کے سانحے کے سلسلے میں سعودی عرب کو رہبر انقلاب اسلامی کے انتباہات کو علاقے کے ذرائع ابلاغ نے بھی کوریج دی ہے- عراقی ٹی وی " السومریہ" اور عراق کی "خبرنی" نیوز ایجنسی نے منی حادثے کے سلسلے میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے بیانات کے اس حصے کو کوریج دی ہے جس میں آپ نے اعلان فرمایا ہے کہ اگر ایران جواب دے گا تو وہ جواب نہایت سخت اور شدید ہو گا اور اس کے اسباب بھی فراہم ہیں- مصری اخبار " لیوم السابع " لبنانی اخبار " النشرہ" لندن سے شائع ہونے والے روزنامہ "القدس العربی" نے بھی رہبر انقلاب اسلامی کے بیانات کے بعض حصوں کو کوریج دیتے ہوئے لکھا ہے کہ سعودی عرب منی سانحے میں زخمیوں کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں میں عمل نہیں کر رہا ہے اور جان بحق ہونے والوں کی میتوں کی منتقلی میں مسائل پیدا ہو گئے ہیں- رہبر انقلاب اسلامی کے بعثہ یعنی حج مشن اور ایران کے ادارہ حج و اوقاف کے اعلان کے مطابق منی میں حالت احرام میں مناسک حج کے دوران جاں بحق ہونے والے ایرانی حاجیوں کی تعداد چار سو چونسٹھ تک پہنچ گئی ہے-
source : abna24