حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے بیروت میں ایران کے ادارہ اوقاف و خیراتی امور کے سربراہ اور ولی فقیہ کے نمائندے حجت الاسلام والمسلمین علی محمدی سے ملاقات میں کہا کہ استقامتی محاذ اور ایران کے درمیان عقائدی و ثقافتی ڈائیلاگ اور رابطے مسلسل جاری رہنے چاہئیں کیونکہ یہ مجاہدین کی حفاظت و بقا کا ضامن ہوگا-
اس ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے حجت الاسلام والمسلمین علی محمدی نے شام اور لبنان کے حکام سے اپنی ملاقات کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی-
رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے ایران کے ادارہ اوقاف اور خیراتی امور کے سربراہ نے اپنے اس دورے میں لبنان کے مفتی اعظم شیخ عبداللطیف سے بھی ملاقات اور گفتگو کی-
لبنان کے مفتی اعظم نے اس ملاقات میں مسلم امہ کے درمیان اتحاد کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف کو سراہتے ہوئے لبنان اور ایران کے درمیان مختلف میدانوں میں گہرے تعلقات کی خواہش ظاہر کی-
اس موقع پر رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے علی محمدی نے علاقے اور عالم اسلام میں اتحاد کی حفاظت کو اسلامی جمہوریہ ایران کی پالیسیوں کا حصہ قرار دیا اور کہا کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای مسلم امہ کے درمیان اتحاد کے علمبردار تھے اور ہیں اور مسلم امہ کے درمیان کسی بھی قسم کے اختلاف اور اسلامی مقدسات کی توہین کو دشمنان اسلام کے اہداف کا حصہ سمجھتے تھے اور سمجھتے ہیں-
ایران کے ادارہ اوقاف و خیراتی امور کے سربراہ نے مسلم امہ کے لئے تکفیری دہشت گردوں کے خطرے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے گمراہ و انتہاپسند تکفیری گروہوں سے مقابلے پر تاکید کی-
source : abna24